موسمی تبدیلی کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں بھی تبدیلی کی ہوا چل پڑی : عرفان الحق

پاکستان مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر و سینئر سماجی رہنماء عرفان الحق حقانی نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں بھی تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن وزراء کو ایوارڈز دیئے گئے ہیں انہوں نے بھی اب پینترہ بدلنا شروع کر دیا ہے، آج نہیں تو کل وہ کہیں کسی اور کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
کیونکہ پوری قوم آج تبدیلی سرکار کی معاشی و اقتصادی دہشت گردی کے باعث کنگال و بے حال ہو چکی ہے اور وہ یہ چاہتی ہے کہ جلد از جلد اس نام نہاد تبدیلی سرکار سے قوم چھٹکارا حاصل کر کے سکون کی نیند سو سکے اور زندگی گزار سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے خلاف انتقامی کار وائیوں کے ساتھ ساتھ میڈیا کی آزادی پر بھی آرڈیننس کے ذریعے اور مظلوم کی آواز کو دبانے کی حالیہ حکومتی قانون سازی کو ہر سیاسی جماعت مسترد کر چکی ہے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چارٹر اور جمہوری سیاسی حقوق کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ، اشیائے ضروریہ، پیٹرولیم مصنوعات، یوٹیلٹی بلز میں آئے روز اضافے نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔
جس کی وجہ سے آج پوری قوم موجودہ حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہے۔



















