گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت

کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی واضح ہدایات ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اشیاءخوردونوش کی قلت میں ملوث کمیشن مافیا کو جیل بھجوائیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارکردگی بہتر بنائیں۔
ان خیالات کاا ظہار کمشنر ملتان نے پرائس کنٹرول بارے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں گراں فروشوں کے خلاف جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ عوام کی جیبیں کاٹنے والے گراں فروشوں کو حوالات کی سیر کرائی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں پر ہاتھ ڈالیں، چینی اور آٹے کی کوئی قلت نہیں ہے۔ اشیاءخوردونوش کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی پر سخت ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈویژن بھر میں متعدد گراں فروشوں کو لاکھوں روپے کے جرمانے کئے جاچکے ہیں اب حوالات کی باری ہے۔ منصوعی مہنگائی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
کمشنر نے کہا کہ ضلعی افسران بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کریں ،جو ریٹ تاجروں کے ساتھ مل کر طے کیا جائے اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو بھی مانیٹر کریں۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول فیڈ بیک میکانزم سسٹم بنایا گیا ہے تاکہ افسران کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ احساس دستر خواں سے ابتک 15 ہزار سے زائد لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میکانزم کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ مصنوعی مہنگائی مافیا کی کمر توڑنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد کو بتایا گیا کہ قیمت پورٹل پر موصول شکایات کو حل کیا جارہا ہے۔
شہری 0800-02345پربھی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
یوریا کھاد کی کوئی کمی نہیں ہے, جبکہ 301 سرٹیفائیڈ ڈیلرز رجسٹرڈ ہیں۔اس ماہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 21760 چھاپے مارے،37 ایف آئی آر، 74 افراد گرفتار،4179100 روپے جرمانہ کیا گیا۔
بعدازاں کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کھاد مارکیٹ، کریانہ سٹورز، سبزی منڈی کا دورہ کیا۔انہوں نے نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا اور پرائس لسٹ بھی چیک کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل ایوب بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عامر افتخار ان کے ہمراہ تھے۔



















