میونسپل ویلفیئر ایمپلائز یونین نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

میونسپل ویلفئر ایمپلائز یونین نے سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فاروق ڈوگر کی مداخلت پر ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔
میونسپل ویلفئیر ایمپلائز یونین نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں زیر التواء مسائل کے حل کے لئے یکم مارچ سے ہڑتال کرنے کا نوٹس دیا تھا۔
سی ای او ایم محمد فاروق ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان کو یونین کے مطالبات حل کرنے کی سفارش کی، اور بریفنگ میں بتایا کہ ساما ایگریمنٹ کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن کمپنی کے 2100ورکرز کے حقوق کی ذمہ دار یے۔
محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ کمپنی نے متعدد بار کارپوریشن سے ورکرز کے مسائل کے حل کے لئے لیٹر لکھے اور رابطہ کیا، لیکن نتیجہ نہیں نکلا۔
انہوں بتایا کہ ملازمین کو گریجوایٹی اور پنشن کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا ، اور ٹائم سکیل پروموشن اور سکیل کی اپ گریڈیشن ملازمین کا حق ہے۔
محمد فاروق ڈوگر نے سفارش کی کہ میونسپل کارپوریشن وفات پانیوالے اور ریٹائر ہونیوالے ورکرز کے زیرالتواء کیسسز کی جلد منظوری دے۔
سی ای او کی سفارش پر ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن و ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے کارپوریشن حکام کو ورکرز کے جائز مسائل جلد حل کرنے کا حکم دیا۔
منیجر آپریشن حبیب ظفر نے یونین عہدیداران سے ملاقات کی، اور مسائل کے حل کے لئے انتظامیہ کا پیغام پہنچایا جس پر یونین کے صدر منظور حسین اور سیکرٹری جنرل سمیع اللہ نے ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کیا۔



















