خصوصی بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ اور عملہ کوئی کوتاہی نا برتیں: ڈی جی

ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ اور عملہ کوئی کوتاہی نا برتیں، اور ان بچوں کی تعلیم و تربیت پر فوکس کریں ۔
خصوصی بچے ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ، والدین انہیں زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں داخل کروائیں، جہاں ان بچوں کو ماہانہ وظیفہ، یونیفارم، بکس، تعلیم اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
خصوصی طلباء کیلئے ووکیشنل ٹریننگ پر زیادہ فوکس کیا جارہا ہے، تاکہ فنی تربیت کی بنیاد پر وہ اپنے آپ کو معاشی طور پر مضبوط کرسکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ملتان میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب کے زیرانتظام چلنے والے سپیشل ایجوکیشن سکولز کے دورہ و معائنہ کے موقع پر کیا۔
ڈسڑکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد نے ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ کو سکولوں کا وزٹ کروایا، اور بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ نے کہاکہ مختلف شہروں میں ووکیشنل سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں، 800 ملین کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ پروجیکٹ شاداب ویلج قائم کیا جارہا ہے ، جس میں سپیشل بچوں کو مختلف سہولیات میسر ہونگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی طلباء کے نصاب میں بہتری لائی جارہی ہے جس میں جدید تقاضوں کو مدِنظر رکھا گیا ہے پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سپیشل ایجوکیشن اداروں میں زیرِ تعلیم طلباء کیلئے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ سے اپنی کتابیں پرنٹ کروارہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈس ایبل فرینڈلی بلڈنگ تعمیر کی جارہی ہیں ، جن میں خطیر رقم سے وہاڑی اور لودھراں میں بلڈنگز تعمیر کی جارہی ہیں ۔
نیو اے ڈی پی سکیم کے ذریعے پرانے اداروں کوفعال کیا جارہا ہے تاکہ اداروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوسکے ، اور صاف ستھرے ماحول میں خصوصی طلباء ایجوکیشن اور تربیت حاصل کرسکیں
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن ملتان کی مشینری اور فرنیچر کی خریداری کو بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ نے سکول سربراہان کو ہدایات دیں کہ انفرادی ایجوکیشن پروگرام کی میٹنگ معمول کے مطابق منعقد کی جائیں۔
خصوصی طلبہ کی تعلیمی کارکردگی رپورٹ سے والدین کو آگاہ کیا جائے۔خصوصی اداروں سے فارغ التحصیل طلبا کا ریکارڈ مرتب کیا جائے ان کا فالواپ کیا جائے، اور سکسیس سٹوری بنائی جائیں۔
خصوصی طلبا کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت سہولیات بروقت مہیا کی جائیں اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی جی سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال نے ہدایات دیں کہ خصوصی طلبہ کو یونیفارم بروقت اور درست حالت میں فراہم کی جائیں۔
سپیچ تھراپیسٹ خصوصی بچوں کی لینگویج کو بہتر کرنے کیلئے باقاعدہ سیشن مرتب کریں اور داخلہ آگاہی مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ خصوصی طلبا کو سپیشل ایجوکیشن کے اداروں میں داخل کیا جائے۔
دورہ کے موقع پر ڈسڑکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن ملتان میاں محمد ماجد، پرنسپل گورنمنٹ شاداب انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن ملتان مہناز روّف، سکولز سربراہان بھی ہمراہ تھے۔
اپنے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن پنجاب پرویز اقبال بٹ نے گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن ملتان میں آڈیٹوریم کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر موسمِ بہار کی شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودے بھی لگائے۔



















