ینگ الیون کرکٹ کلب نے انوربھٹی میموریل کرکٹ کلب کو 25 رنز سے شکست دے دی

دوسرا شیخ منوردین میموریل آل ملتان گولڈ ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ینگ الیون کرکٹ کلب نے انوربھٹی میموریل کرکٹ کلب کو 25 رنز سے شکست دے دی۔
ینگ الیون کرکٹ کلب ملتان کے زیراہتمام اس ٹورنامنٹ کا افتتاح انجمن تاجران حضوری باغ روڈ کے صدر شیخ عثمان،نائب صدور شیخ ذیشان اور محمد بشیر نے کیا۔
ینگ الیون کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 175رنز بنائے،بعد میں کھیلتے ہوئے انوربھٹی میموریل کرکٹ کلب کی ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی، اور 150رنزپر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے مین آف دی میچ عمران علی کھوکھر قرار پائے،میچ ایمپائز افتخاراحمد اور محسن رضا تھے۔
دریں اثناء مہمان خصوصی شیخ عثمان نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا، انہوں نے کہا کہ آج کل نوجوان گراؤنڈ سے دور ہوتے جارہے ہیں،کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو انتہا پسندی، منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے بچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی چاہئے کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے،اور سہ ماہی بنیاد پر یونین کونسل سے تحصیل، تحصیل سے ڈسٹرکٹ، ڈسٹرکٹ سے ڈویژن کی سطح تک کھیلوں تمام جسمانی کھیلوں کا انعقاد کروایا جائے، تاکہ نئے اور قابل کھلاڑیوں کا میرٹ پر انتخاب کیا جاسکے اور کھیلوں کو ہر سطح پر پروان چڑھایا جاسکے۔



















