ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہماری قومی ذمہ داری :شمشیر خان

سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان نے کہا ہے کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے قومی شجر کاری مہم کو کامیاب بنایا جائے۔
ایک بچہ ایک پودا سلوگن کے تحت تعلیمی اداروں، گھروں اور گلی محلوں میں پودے لگائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر نگرانی گورنمنٹ ایلیمنٹری ماڈل سکول نمبر 1 نیو ملتان میں قومی شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔
اس موقع پر ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز راؤ جاوید رفیق، آر پی ایم قائد اعظم اکیڈمی ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ ملتان ریجن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ، سینئر سماجی راہنما میاں نعیم ارشد، اے ای او مرکز ایسٹ ایوب علی صدیقی، اے ای او مرکز ویسٹ ارسلان امیر شیخ، ہیڈ ماسٹر شوکت علی، رضوان اسلم اور صفدر شیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی شمشیر احمد خان نے مزید کہا کہ کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں سرکاری سکولوں میں صحت وصفائی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔
سکولوں میں ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت بچوں کی صحت وصفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔صحت وصفائی بارے آگاہی کے لیے سکولوں میں واش کلب بنائے گئے ہیں۔
تعمیری سوچ کے فروغ کے لیے سٹوڈنٹس کونسلز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ڈی ای او ایلیمنٹری راؤ جاوید رفیق نے کہا ہے کہ درخت لگانا کارثواب اور صدقہ جاریہ ہے۔لہذا زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں اور ان کی حفاظت کی جائے۔
آر پی ایم ملتان ریجن ڈاکٹر صفدر واہگہ،ڈپٹی ڈی ای او ایلیمنٹری تحصیل ملتان سٹی اسلم خان قیصرانی اور میاں نعیم ارشد نے کہا کہ آبادی میں اضافہ، جنگلات کا کٹاؤ، بے ہنگم ٹریفک سسٹم اور پانی کی کمی جیسے مسائل کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے 25فیصد جنگلات کا ہونا ضروری ہے۔



















