Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ زکریا یونیورسٹی : دفتر رہائش گاہ میں تبدیل ہوگیا

ویٹرنری سائنسز بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں لائیوسٹاک کی سرکاری عمارت بطور رہائش گاہ استعمال کا انکشاف ہوا ہے ، جس سے یونیورسٹی کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز میں تعینات پروفیسر ڈاکٹر عرفان انور جن کو کچھ عرصہ قبل ڈائریکٹر لائیو سٹاک فارم کے عہدے سے کرپشن کیے الزامات ثابت ہونے کے باعث ہٹا دیا گیا تھا ، اپنے عہدے سے الگ ہونے کے باوجود لائیوسٹاک فارم کی سرکاری عمارت جس کو کیمپ آفس کا نام دیا ہوا ہے اسے تاحال بطور رہائش گاہ استعمال کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر عرفان انور موجودہ ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر کے قریبی رشتہ دار ہیں ، جنہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ سے حقائق چھپاتے ہوئے لائیو سٹاک فارم کی سرکاری عمارت کو رہائش گاہ میں تبدیل کرادیاہے۔

معمولی معاوضے کے عوض پروفیسر ڈاکٹر عرفان انور عمارت میں نہ صرف سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں، بلکہ سنسان جگہ پر موجود اس عمارت کو غلط کاموں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عرفان انور کی پروفیسر کے عہدے پر غیرقانونی ترقی کے خلاف اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ایک پروفیسر نے عدالت میں ان کے خلاف کیس کیا ہوا ہے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عرفان انور کی پروفیسر کے عہدے پر ترقی اس لیے غیر قانونی ہے کیونکہ ابتدائی طور پر ان کی تعیناتی یونیورسٹی ڈائیگنا سٹک لیبارٹری میں بطور پولٹری ایکسپرٹ ہوئی تھی اور ان کا اس عہدے پر گزارا گیا وقت پروفیسر کی اہلیت کے لیے موزوں نہیں ہے۔

ویٹرنری فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر جن پر نیب میں اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے اور چھ کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کرنے پر انکوائری چل رہی ہے، انہوں نے مزید کرپشن کرنے کے لیے ملی بھگت کے تحت ڈاکٹر عرفان انور کو فیکلٹی کے ایک ڈیپارٹمنٹ کا غیرقانونی چیئرمین لگوا دیا۔

جس پر تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے اس بابت شعبہ وٹنری کے سربراہ سے وضاحت طلب کی جائے گی، خلاف قانون کوئی اقدام برداشت نہیں ، وائس چانسلر اس بارے میں واضح موقف رکھتے ہیں اگر کوئی بدانتظامی پائی گئی تو کارروائی کی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button