بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ایمپلائز پروگریسیو لبرل گروپ کا احتجاج

بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ایمپلائز پروگریسیو لبرل گروپ نے صدر محمد حر غوری اور جنرل سیکرٹری ندیم بوسن کی قیادت میں کالی پٹیاں باندھ کر یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ۔
ملازمین کی جانب سے ایڈمن بلاک کے باہر اور اندر خوب نعرے بازی کی گئی۔
احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر محمد حر غوری نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ہماری مخالف یونین کے دباؤ پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں جانفشانی سے کام کرنے والے ملازمین کے تبادلوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، جو سراسر غلط اقدام ہے۔
جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔
کرپشن کیسوں میں ملوث ملازمین بدستور اپنی سیٹوں پر براجمان ہیں ، اور رجسٹرار آفس کی جانب سے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ، جبکہ دوسری جانب ایماندار ملازمین کے تبادلے کرکے سیاسی دباؤ پر ان سیٹوں پر کرپٹ ملازمین تعینات کئے جارہے ہیں۔
انھوں نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اگر مذکورہ سلسلہ جاری رہا تو سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیاجائے گا ،جس کی تمام تر ذمہ داری رجسٹرار آفس پر عائد ہوگی ۔
احتجاجی مظاہرہ میں خرم عظیم ،ملک مرید عباس ہانسلہ ،طلعت محمود ودیگر ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔


















