ملتان کو چمکانے کےلئے 26کروڑ 60 لاکھ روپے کی مشینری کی خریداری کی تیاریاں

ملتان:سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگرنے کہا ہے کہ کمپنی کی کارکردگی بڑھانے کے لئے 26کروڑ60 لاکھ روپے کی مشینری کی خریداری کی تیاریاں جاری ہیں۔
مطلوبہ مشینری میں منی ٹپرز،روڈ واشرز، ہیوی لوڈر اور ٹریکٹر ٹالیاں شامل ہیں ۔
پروکیومنٹ کمیٹی نے مشینری خریداری کی منظوری دے دی ہے جبکہ حتمی منظوری کے لئے کیس اسی ماہ کمپنی بورڈ کو پیش کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کی کارکردگی بڑھانے کے لئے مشینری اور افرادی قوت میں اضافہ ناگزیر ہے۔شہر میں روزانہ 1285ٹن ویسٹ پیدا ہوتا ہے جبکہ کمپنی اپنی استعداد کار کے مطابق روزانہ850ٹن کوڑا اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روزانہ رہ جانے والا کوڑا خصوصی آپریشن کے ذریعے لفٹ کیا جاتا ہے۔
محمد فاروق ڈوگر کا کہنا تھا کہ کمپنی کے پاس سینٹری ورکرز اور ڈرائیور پر مشتمل ورک فورس کی تعداد 1973 ہے ، جبکہ ملتان شہر کی آبادی 25لاکھ 70ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور اسٹینڈرڈ فارمولے کے تحت شہر کی آبادی کے لئے2570 ورکرز پر مشتمل ورک فورس کی ضرورت ہے۔اس طرح کمپنی کومزید 1438ورکرز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملتان شہر میں 13ہزار 789 سٹریٹس ہیں ، اور 42بڑی شاہراہیں ہیں۔کمپنی یونین کونسلوں اور مرکزی شاہراہوں کے لئے علیحدہ علیحدہ ورک فورس تشکیل دینا چاہتی ہے تاکہ صفائی کا مثالی نظام قائم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کمپنی کے اصل ہیرو سینٹری ورکرز ہیں اور شہر اولیاء کی صفائی انہی کے مرہون منت ہے۔
محمد فاروق ڈوگر نے مزید بتایا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد مکمل ہے اور شفاف اور موثر نظام کے لئے کمپنی کے بورڈ کے ڈائریکٹرز پر مشتمل چار کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
انہوں نے سڑکوں اور گلیوں میں ڈالا جانیوالے ملبہ کو کمپنی کے لئے ایک چیلنج قرار دیا اور کہا کہ ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹر کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔




















