وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی پی سی سی سی کو جدید سیڈ ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی: ڈاکٹر محمد علی تالپور

آئندہ دو سے تین سالوں میں کپاس کے بیجوں سے متعلق تمام تر ایشوز کو حل کر لیا جائے گا، اور وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کو جدید سیڈ ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔
یہ بات وائس پریذیڈنٹ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر محمدعلی تالپور نے سی سی آر آئی ملتان میں زرعی سائنسدانوں کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کپاس کی جدید جنیاتی ٹیکنالوجی کی دستیابی کو یقینی بنائے گی، اور انہیں مقامی طور پر تیار کردہ کپاس کی اقسام میں استعمال میں لائے گی۔
اس کے لئے انٹرنیشنل سیڈ کمپنیوں کے ساتھ نئی جین سیڈ ٹیکنالوجی کی فراہمی کے معائدے بھی کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر محمد علی تالپور نے اجلاس میں کپاس کے تحقیقاتی میدان میں جاری پی سی سی سی کے مختلف پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا ، اور زرعی سائنس دانوں کو دیگر پراجیکٹس پر کام کرنے کا ٹاسک بھی دیا۔
ڈاکٹرعلی تالپور کا کہنا تھا کہ ریسرچ اداروں میں تیار ہونے والے بیجوں کی تیاری اور اس کی فراہمی کو اب روائتی طریقوں کی بجائے سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے گا ، اور ان کا کمپییوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا ۔
اعلی قسم کے بیجوں کو تیارکرکے پہلی بار ملک کی معروف مختلف سیڈ کمپنیوں سے تحریری معائدے کی شکل میں ان کمپنیوں کو مہیا کیا جائے گا تاکہ وہ پی سی سی سی کے فراہم کردہ اعلی خصوصیات کے حامل بیجوں کی ملٹی پیکیشن کرکے انہیں کپاس کے کاشتکاروں کو اگلے سال 2023تک تیار کر کے دیا جا سکے،اور فروخت ہونے والے بیجوں کی تمام تر خصوصیات اس بیگ پر موجود ہوں گی۔
ڈاکٹرعلی تالپور کا کہنا تھا کہ اعلی قسم کے بیجوں کی تیاری سے نہ صرف پیداواری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا ، جس سے کاشتکار کی زندگی میں خوشحالی آئے گی اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان نے بتایا کہ ادارہ ہذا میں پہلے ہی کئی سالوں سے جنیاتی سیڈ ٹیکنالوجی پر کام ہو رہا ہے اس کے علاوہ ادارہ ہذا میں بہت جلد جدید سنٹرل ہائی ٹیک لیباٹری بھی قائم کی جائے گی، جس کے مفید نتائج برآمد ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی سی آر آئی کپاس کے بیجوں کی ملٹیپیکیشن کے لئے چولستان اور چکوال میں نئے تجربات کرے گا ،اور زیادہ پیداوار دینے والے بیج ،ان کے خالص ومعیاری پن اور سو فیصد جرمینیشن والے بیجوں کووسیع پیمانے پر تیار کرکے کپاس کے کاشتکاروں کو بہت جلد فراہم کرے گا۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔




















