غیر ترقیاتی بجٹ پر مکمل مالی کنٹرول حاصل کرنے کے لیے سپیڈ ورک شروع

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مالیاتی انتظام کو بہتر بنانے کی جانب نمایاں پیش رفت آغاز کردیا گیا ہے، اور غیر ترقیاتی بجٹ پر مکمل مالی کنٹرول حاصل کرنے کے لیے سپیڈ ورک شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے سیکرٹریز کو اپنا ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جنوبی پنجاب کے انتظامی سیکرٹریوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنا ہوم ورک مکمل کریں۔ ماتحت محکموں کے فنڈز اور کاسٹ سنٹرز کی تصدیق 25 مارچ تک مکمل کریں، جنہیں میپنگ کے لیے محکمہ خزانہ لاہور کے حوالے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو اپنے دفاتر کے غیر ترقیاتی فنڈز صرف کرنے کے مالی اختیارات حاصل ہیں ، جبکہ مالیاتی خودمختاری ملنے کے بعد ہر محکمہ کو اپنے ماتحت اداروں کو فنڈز جاری کرنے کا اختیار بھی حاصل ہو جائے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے کہا کہ سیکرٹری ہیلتھ کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کا بجٹ جاری کرنے کا اختیار ہو گا اور سیکرٹری ایجوکیشن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو بجٹ جاری کر سکیں گے۔
اسی طرح ہاؤسنگ، لائیو سٹاک، زراعت، جنگلات اور دیگر تمام محکموں کے سیکرٹریز کو جنوبی پنجاب کی اپنی فیلڈ فارمیشنز کو غیر ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کے حوالے سے لاہور میں اپنے ہم منصب محکموں کی طرح مالی اختیارات حاصل ہو جائیں گے۔
کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ خود مختاری کا حصول ایک اہم پیشرفت ہو گا ، جس سے انتظامی سیکرٹریوں مزید بااختیار بن جائیں گے جس سے مالیاتی انتظام کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا۔
محکمہ خزانہ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری زاہد اکرام نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، لائیو سٹاک، زراعت اور لوکل گورنمنٹ، جنگلات، فشریز، وائلڈ لائف، صحت اور دیگر محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔




















