Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

غضنفر علی کی شاہی ختم ہوئی، پریس کلب ملتان سوگ میں ڈوب گیا

سینئر صحافی ملتان پریس کلب کے سابق صدر اور اے پی پی اردو سروس ملتان کے پہلے انچارج غضنفر علی شاہی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔

سینئر صحافی ملتان پریس کلب کے سابق صدر ،اور اے پی پی اردو سروس ملتان کے سابق انچارج غضنفرعلی شاہی طویل علالت کے بعد جمعہ کی صبح ملتان میں انتقال کرگئے ۔

ان کی عمر 75برس تھی اوروہ طویل عرصہ سے پھیپھڑوں کے عارضے کے باعث صاحب فراش تھے ۔

ان کی نماز جنازہ جمعہ کے روز بعدنماز عصر پانچ بجے سہ پہر جناز گاہ ای بلاک شاہ رکن عالم کالونی ملتان میں اداکی گئی، جس میں ڈپٹی اٹارنی جنرل ضمیر حسین سنڈھل، جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار ملک ارشد حسین بھٹی، صدر ڈسٹرکٹ بار وسیم خان بابر، جنرل سیکرٹری ارشد صابر میئو، قمر الزمان بٹ ایڈووکیٹ، چوہدری داؤد وینس ایڈووکیٹ، سینئر صحافیوں عبدالجبار مفتی، شوکت اشفاق، مہر عزیز، شکیل انجم،عدنان فاروق قریشی، ڈاکٹر امجد بخاری، رضی الدین رضی، مسیح اللہ خان، نثار اعوان، اشفاق احمد، خالد چوہدری، ندیم شاہ، رؤف مان، مظہر جاوید، طارق اسماعیل، شکیل احمد، ایاز علی شیخ، سردار ظفر اللہ خان، مظہر خان، شفقت بھٹہ، اعظم جہانگیر، رفیق قریشی، ملک عارف کالرو، خواجہ اشرف صدیقی، شیخ عابد بشیر، انجم پتافی، اجمل چوہدری، ایم سلیم سندھو، ملک رفیق، خالد کھاکھی، رفیق بخاری، سلیم ناز، طارق قریشی، ندیم حیدر، میاں مقصود احمد، راؤ علی عامر، امیر زمان بھٹی، رانا روہیل ، قلب حسن، عامر چوہدری، سہیل قریشی، شیخ شاہد، حافظ وقار عظیم، ضیا انصاری، عمران ارشد سمیت معززین شہر نے شرکت کی۔

مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قل خوانی آج بروز ہفتہ ڈیفنس ویو گارڈن ٹاؤن ملتان میں ہو گی، دعا 11 بجے ہو گی۔

غضنفرعلی شاہی نومبر1947 کولائل پور(فیصل آباد)میں پیدا ہوئے ۔
میونسپل سکول فیصل آباد سے پرائمری اورگورنمنٹ ہائی سکول نمبر1ڈیرہ غازیخان سے1962 میں میٹرک کیا ۔
انہوں نے گورنمنٹ کالج ڈیرہ غازیخان سے انٹرمیڈیٹ کاامتحان پاس کیا، اور اس کے بعد لاہورچلے گئے۔
گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن اورپنجاب یونیورسٹی سے 1968میں ایم اے کیا۔
غضنفرشاہی 1984 میں روزنامہ نوائے وقت سے منسلک ہوئے ۔انہوں نے نوائے وقت میں رپورٹراورپھر چیف رپورٹرکی حیثیت سے فرائض انجام دیئے ۔

سال 2002میں ملتان سے روزنامہ ایکسپریس کا اجراء ہوا تو غضنفر شاہی چیف رپورٹر کی حیثیت سے اس کے ساتھ وابستہ ہوگئے، اور 2004 تک ایکسپریس کے چیف رپورٹرکی حیثیت سے فرائض انجام دیتے رہے ۔

وہ2005سے 2007تک روزنامہ پاکستان سے منسلک رہے ۔

2008میں وہ اے پی پی اردوسروس ملتان کے ساتھ منسلک ہوئے، اور2012 تک اے پی پی میں فرائض انجام دیتے رہے ۔ انہیں اردو سروس ملتان کا پہلا انچارج ہونے کااعزازبھی حاصل ہے ۔

غضنفرعلی شاہی 1992میں ملتان پریس کلب کے صدر منتخب ہوئے ۔انہوں نے مسلسل تین سال پورے پینل کے ساتھ کامیابی کاریکارڈ بھی قائم کیا۔
اس کے علاوہ انہیں پانچ مرتبہ ملتان پریس کلب کی صدارت کے عہدے پرفائز ہونے والے پہلے صحافی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ان کے پسماندگان میں بیوہ اورتین بیٹے عمارغضنفر، جواد غضنفر اور حماد غضنفر شامل ہیں ۔

دریں اثناءاے پی پی ملتان کے کارکنوں کاتعزیتی اجلاس سٹیشن منیجر افتخاراحمد قاضی کی صدارت میں منعقدہوا۔
جس میں اے پی پی اردو سروس کے انچارج رضی الدین رضی اورسینئر رپورٹر جہانگیر ترین سمیت سٹاف کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔
اجلاس میں غضنفرعلی شاہی کی وفات پرگہرے دکھ اورصدمے کا اظہار کیاگیا، اور ان کی وفات کو جنوبی پنجاب کی صحافت کے لئے ناقابل تلافی نقصان قراردیاگیا۔

اس کے علاوہ ملتان پریس کلب ،ملتان یونین آف جنرلسٹس کے عہدیداروں نے بھی ان کی وفات پردکھ کا اظہار کیا ہے، اور کہا ہے کہ کارکن صحافیوں کی فلاح وبہبودکے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button