رمضان بازاروں اور گندم خریداری مراکز کی مانیٹرنگ کے لئے سینئر افسران اور سیکرٹریز کو ذمہ داریاں مل گئیں

جنوبی پنجاب کے اضلاع میں رمضان بازاروں اور گندم خریداری مراکز کی مانیٹرنگ کے لئے سینئر افسران اور سیکرٹریز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز اور سینئیر افسران رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی چیک کریں گے، اور ہفتہ میں دو بار رمضان بازاروں کے وزٹ کو یقینی بنائیں گے۔
سینئر افسران اور سیکرٹریز گندم خریداری کے عمل کو بھی چیک کریں گے ، اور مختلف مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران پر مشتمل اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
حکومت پنجاب نے اس سلسلے میں نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ممبر چیف منسٹر انسپکشن ٹیم ضلع ملتان میں رمضان بازاروں اور گندم خریداری کو مانیٹر کریں گے۔
ممبر بورڈ آف ریونیو کو خانیوال اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی جنوبی پنجاب کو ضلع وہاڑی کی مانیٹرنگ تفویض کردی گئی ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب کے سیکرٹری لائیوسٹاک ضلع لودھراں، سیکنڈری ہائر ایجوکیشن ضلع بہاولپور، سیکرٹری جنگلات بہاولنگر، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ رحیم یارخان، سیکرٹری ایریگیشن ڈی جی خان ، سیکرٹری ہاوسنگ مظفر گڑھ،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ لیہ اور سیکرٹری زراعت ضلع راجن پور میں رمضان بازاروں اور گندم خریداری کی مانیٹرنگ کریں گے۔




















