صارفین سے ریکوری ہدف یقینی بنایا جائے، سی ای او میپکو

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق نے کہا ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ صارفین سے واجبات /بقایاجات کی وصولیوں کے مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنایاجائے اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کئے جائیں۔
واجب الادا رقوم کی عدم ادائیگی پر کسی بھی صارف سے رعایت نہ برتی جائے۔ اہداف کے حصول میں ناکام آپریشنل افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو بہاولپور سرکل کے دورے پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ماہانہ بلز اور سابقہ بقایاجات وصولیوں کے لئے ایس ڈی اوز روزانہ کی بنیادپر فیلڈ میں چیکنگ کریں اور وصولیاں بہتربنائیں۔ مستقل نادہندگان کے کنکشنوں کی ازسرنوچیکنگ کرکے تصدیق کی جائے کہ بجلی استعمال نہیں کی جارہی۔ تمام ایس ڈی اوز گھریلو، کمرشل، ٹیوب ویل اور صنعتی صارفین سے ماہانہ بلوں اور بقایاجات کی وصولیوں کے لئے فیلڈ میں کاروائی کی جائے اور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کو جاری رکھاجائے۔ بجلی چوروں کو عائد کردہ جرمانوں کی رقم وصول کرکے ان کے کنکشنز بحال کئے جائیں۔ مقدمات کے اندراج کے لئے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے انچارج سے رابطہ میں رہاجائے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ صارفین کو بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے لئے ٹو فیز پر چلنے والے ٹرانسفارمرزمرمت کے لئے ری کلیمیشن ورکشاپس بھجوائے جائیں اورایمرجنسی ٹرالیاں نصب کرکے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے ٹرانسفارمرز ٹرالیاں سب ڈویژنل دفاتر میں تیار کھڑی کی جائیں۔
ایڈیشنل چیف انجینئر میپکو بہاولپور سرکل عبدالکریم جمالی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بہاولپور سرکل کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بہاولپور سرکل کے زیر انتظام آپریشن ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی کہ جلنے اور خراب ہونے والے میٹرز کی تبدیلی اور زیر التواء نئے کنکشنوں کی فراہمی کے لئے میٹرز اور پی وی سی سٹورز سے حاصل کرکے عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔


















