Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

ایڈوائزری کمیٹی اجلاس :کپاس کے کاشتکاروں کے لئے 15 مئی تک کی سفارشات جاری

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا چوتھا اجلاس ڈائریکٹرسی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمود کی صدارت میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے اگیتی و پچھیتی کپاس کی کاشت ونگہداشت سے متعلق آئندہ پندرہ روزہ سفارشات15مئی تک کے لئے پیش کی گئیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اگیتی کاشتہ کپاس)فروری تا مارچ( کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کو کیمیائی طریقہ سے تلف کرنے کے لئے کاشتکار شیلڈ لگا کر گلائفوسیٹ بحساب ایک لٹر فی ایکڑ سپرے کریں، جبکہ مشینی طریقہ میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے کاشتکار کپاس کی فصل میں گوڈی والا ہل چلائیں اور پودوں کے درمیان رہ جانے والی باقی ماندہ جڑی بوٹیوں کو کھرپہ کے ذریعے تلف کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آبپاشی کاکم دورانیہ اور زیادہ آبپاشی جڑی بوٹیوں کی کثرت کا باعث بنتی ہے لہذا کاشتکار مناسب وقت پرمناسب آبپاشی کریں جس سے جڑی بوٹیوں کی افزائش میں اضافہ نہیں ہوگا۔

کلراٹھی زمینوں میں کاشتکار ڈرل کی بجائے پٹریوں پر کپاس کاشت کریں جبکہ ریتلی زمینوں میں بذریعہ ڈرل کاشت کریں۔

فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات میں بتایا گیا کہ کاشتکار گندم کے ناڑ کو آگ نہ لگائیں بلکہ زمین کی زرخیزی کو بڑھانے کے لئے گندم کے ناڑ کو زمین میں دبادیں۔

گلنے سڑنے کے عمل میں تیزی لانے کے لئے آدھی بوری یوریا استعمال کریں اور زمین کو پانی لگادیں۔ کاشتکار زمین کی تیاری کے بعد بجائی سے پہلے پینڈی میتھالین بحساب ایک لٹر فی ایکڑ استعمال کریںیا بجائی کے فوراً بعد 24بگھنٹے کے اندر اندر ایس میٹولا کلور بحساب 800 ملی لٹر فی ایکڑ نمدار زمین پر استعمال کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایسے کاشتکار جنہوں نے اب کپاس کی فصل لگانی ہے تو وہ زمین کی تیاری کے لئے لیزر لینڈ لیولر کا ضرور استعمال کریں، اس سے نہ صرف کھاد اور پانی کی بچت ہو گی بلکہ اس عمل سے کپاس کا پودا ابتدائی طور پر بیماریوں سے محفوظ رہے گا۔

کاشتکار فی ایکڑ کپاس کے پودوں کی تعداد 17500 تا 23000 یقینی بنائیں اور پودے سے پودے کا فاصلہ 9تا12انچ رکھیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کاشتکار چھدرائی کا عمل20تا25 دن تک مکمل کرلیں اور چھدرائی کے دوران کھیت سے کمزور،غیر متعلقہ قسم اور بیماری سے متاثرہ پودوں کو نکال باہر کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد کپاس کی فصل کی کاشت سے پہلے زمین کا تجزیہ ضرور کرائیں اور تجزیاتی رپورٹ کے مطابق سفارش کردہ کھادوں کا استعمال یقینی بنائیں۔

کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ کپاس کی بجائی کے وقت یا زمین کی تیاری کے وقت فاسفورس کھادوں کا استعمال ہرگز نہ کریں،اس سے کھاد کا ضیاع بڑھ جاتا ہے۔

کاشتکار فاسفورس کھاد چھدرائی کے بعد بذریعہ آبپاشی دیں یا کھیلیوں میں ڈال کر پانی لگا دیں ۔

کاشتکار چھدرائی کے عمل کے بعد کپاس کی فصل میں فاسفورس کھاد کی مقدارڈے اے پی ایک بوری یاٹی ایس پی ایک بوری یا ایس ایس پی تین بوریاں فی ایکڑ یا این پی دو بوریاں فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں۔

کاشتکار زمین کے تجزیہ کے لئے مٹی کے نمونے ضلعی سطح پر قائم مٹی وپانی کے تجزیہ کرنے والی لیباٹریز سے یا کھاد بنانے والی کمپنیوں جیسا کہ ایف ایف سی، اینگرو یا فاطمہ فرٹیلائزر کے نمائندوں سے رابطہ کر سکتے ہیں، اور جو فصل ڈوڈی اور پھل اٹھا رہی ہے اس میں نائٹروجن کھاد کی پہلی مقدار کم از کم آدھی بوری یا ایک بوری زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے استعمال کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کاشتکار کپاس کی بجائی سے پہلے بیج کو زہر ضرور لگائیں اور اس کے لئے امیڈا کلوپرڈ 70WSبحساب8گرام فی کلوگرام بیج استعمال کریں ۔اس عمل سے کپاس ابتدائی 30تا40دن تک رس چوسنے والے کیڑوں سے محفوظ رہتی ہے، اور جہاں پر کپاس کی کاشت کی جائے تو خیال رکھا جائے وہاں بھنڈی ،بینگن یا پیاز وغیرہ کی فصل موجود نہ ہو۔

کاشتکار بیج کی قسم کا انتخاب اپنے علاقے کی زمین کی ساخت، آب وہوا، موسمی حالات اور اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی ماہرین کے مشورہ سے کریں۔

بی ٹی کاشتہ فصل کی صورت میں کاشتکار10فیصد رقبہ پرنان بی ٹی کپاس لگائیں۔ یہ عمل گلابی سنڈی میں بی ٹی کپاس کے خلاف قوت مدافعت میں رکاوٹ کا سبب بنے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ فروری کاشتہ کپاس جو بیج کے حصول کے لئے لگائی گئی ہے اس میں کاشتکار روگنگ کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیں یعنی غیر متعلقہ قسم کو کھیت سے باہر نکال دیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کپاس کے کاشتکار جتنا ممکن ہو سکے پہلا سپرے تاخیر سے کریں۔

اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل ، ڈاکٹر فیاض احمد،ڈاکٹر محمد ادریس خان، میڈم صباحت حسین ،ساجد محمود ، محمد الیاس سرور اورڈاکٹر رابعہ سعید نے شرکت کی۔

فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ پانچواںا اجلاس 16 مئی کو سی سی آر آئی سکرنڈ، سندھ میں منعقد ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button