پی ٹی آئی نے توہین مذہب کے مقدمات کو عدالت میں چیلنج کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی قیادت کے خلاف ملک بھر میں درج توہین مذہب کے مقدمات کو عدالت میں چیلنج کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں پر توہین مذہب کے مقدمات کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں فواد چوہدری نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتہائی فوری نوعیت کے مقدمات چھٹیوں میں بھی سننے کا سرکلرجاری کررکھا ہے ،جس کے تحت عید کی چھٹیوں میں بھی انتہائی فوری نوعیت کی پٹیشنز دائر کی جاسکتی ہیں۔فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے روکا جائے، ملک بھر میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مقدمات سامنے لائے جائیں گے، اس سلسلے میں ایف آئی اے یا پولیس کا کوئی بھی ایکشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چھٹی کے باوجود پی ٹی آئی کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کردیا۔


















