چولستان میں خشک سالی، ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی ہدایات پر چولستان میں خشک سالی کے پیش نظر ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہیں، اور صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جاریا ہے۔امدادی کاموں کے لیے ڈیزرٹ رینجرز کی مدد بھی حاصل کر لی گئی ہے۔
چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے چولستان میں 11 ریلیف بیس کیمپس قائم کردئے گئے ہیں۔
یہ کیمپس لیاقت پور، یزمان اور فورٹ عباس تحصیلوں کے چولستانی علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں۔
ہیڈ فرید، قلعہ دراوڑ، مٹھڑا بنگلہ،متاں والا، میر گڑھ، کالے پاڑ، چنن پیر، کتھڑی بنگلہ، چک 178/7آر،چک 147/5آر اور چک 75/ڈی بی میں بیس کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔
سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی ہنجاب کی ہدایت پر محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے 12 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز بھی چولستان بھجوا دی گئیں ہیں۔
سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی پنجاب ناصر جمال ہوتیانہ نے ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر منصور احمد کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جس میں ڈائریکٹر بہاولپور ڈاکٹر عامر بخاری اور ڈائریکٹر چولستان ڈاکٹر سہیل خان شامل ہیں۔
دوسری طرف ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد خالد نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو اپ ڈیٹس پر مشتمل رپورٹ بھجوائی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ چولستان میں تمام 8 واٹر سپلائی لائنز فنکشنل ہیں اور اب صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چرواہوں کو چکوک میں واقع آبادیوں کے قریب لایا جا رہا ہے تاکہ جانوروں کیلئے پانی اور چارے کا مسلہ درپیش نہ آئے۔


















