ہیٹ ویو : جنوبی پنجاب کے تمام سکولوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مراسلہ جاری

سیکریڑی سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے حالیہ ہیٹ ویو کے پیش نظر جنوبی پنجاب کے تمام سکولوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مراسلہ جاری کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے تمام افسران اور سکولوں کے سربراہان کو ہدایات دیں ہیں کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ بچے دھوپ میں کھڑے نہ ہوں، اور انہیں لو سے بھی بچایا جائے۔
کلاس رومز کے سائز کے مطابق پنکھے لگائے جائیں، اور انہیں چلنا بھی چاہیئے۔ موسم کی مناسبت سے کلاس رومز کی کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں۔
سکول آتے ہوئے اور واپسی جاتے ہوئے بچوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ سفید کاٹن کے رومال سے اپنے سر کو ڈھانپ لیں تاکہ سورج کی براہِ راست تپش اور گرم لو سے محفوظ رہ سکیں۔
علاوہ ازیں سکول/کلاس رومز میں ٹھنڈے اور صاف شفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ اپنی پانی پینے کی بوتل اپنے ہمراہ رکھیں، اور سکول میں روزانہ کی بنیاد وقتاً فوقتاً پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے۔ سکول میں پودوں اور درختوں کو باقاعدگی سے پانی لگایا جائے۔
گرمی کی حالیہ لہر کے دوران کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب نے ان ہدایات کو پینا فلیکس پر تحریر کروا کے سکول میں نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے، اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سکول کی سطح پر ہیٹ ویو کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں




















