زکریا یونیورسٹی کا ایڈمن بلاک ملازمین کے نعروں سے گونج اٹھا

زکریا یونیورسٹی کی ایمپلائز یونین کی کال پر ملازمین کی ہڑتال، انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی، زکریا یونیورسٹی کے ایمپلائز یونین نے اپنے مطالبات کی حق میں احتجاج کیا، ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی اور ایڈمن بلاک کے کرش میں نعرے بازی کی۔
ا س موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ملک صفدر حسین اور جنرل سیکرٹری رانا مدثر نے کہا کہ ایسوسی ایشن گزشتہ 5 ماہ سے ملازمین کے حقوق کےلئے کوشش کررہی ہے یونیورسٹی انتظامیہ کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی ہے ، ڈیلی ویجز اور جونیئر کلرک کے انٹرویو ہوگئے مگر ان کے آرڈر تعطل کا شکار کردئے گئے ۔
ملازمین کی کمیٹیاں بھی مسلسل وعدہ وعید پر کھڑی ہیں ، درجہ چہارم کے کوٹہ کے ملازمین کے انٹرویو کے بعد بھی آرڈر نہیں دئے جارہے ہیں ۔
سیکورٹی سٹاف کے مسائل ابھی موجود ہیں، ان کو تین سال سے یونیفارم نہیں ملی ہے ۔
لیبارٹر ی اٹینڈنٹ کی پرموشن کا کیس بھی لٹکا دیاگیا ہے ، اگر یہ معاملہ حل نہیں کیا جاتا تو یونیورسٹی کو مکمل طور پر بند کردیا جائےگا۔
ملازمین کے حقوق کا مزید استحصال نہیں ہونے دیا جائے گاجس کے بعد ملازمین نے نعرے بازی شروع کردی ، جس کے بعد انتظامیہ سے مذاکرات شروع ہوئے جس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ ڈیلی ویجز ملازمین کے احکامات آئندہ 24 گھنٹے میں جاری کردئے جائیں گے ، جبکہ جونیئر کلرک کے معاملے پر یونین کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔
اور سینئر ملازمین کو حق دیا جائے گا، جس کے بعد احتجاج آج جمعرت تک کےلئے موخر کردیاگیا ۔



















