پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں کوئز کمپی ٹیشن کا انعقاد

پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں جاری سپیشلائزڈ کورس اور انٹرمیڈیٹ کلاس کورس کے زیر تربیت پولیس افسران کے درمیان کوئز مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
فائنل مقابلہ کے مہمان خصوصی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق تھے، ان کے ہمراہ AIG ڈسپلن جنوبی پنجاب عمران شوکت، AIG انوسٹی گیشن رانا محمد اشرف، ایس پی سپیشل برانچ ملتان محمد جاوید خان، ایس پی سٹی ٹریفک پولیس ملتان عمران جلیل، ایس پی آر آئی بی ملتان راؤ نعیم شاہد، ایس ایس پی ریٹائرڈ شریف ظفر، ریجنل آفیسر ریٹائرڈ سپیشل برانچ ملتان محمد اشرف تھے۔
جبکہ زیر تربیت سپیشلائز کورس اور انٹر میڈیٹ کلاس کورس کے پولیس افسران کے مابین اصحاب رسول ﷺ حضرت ابو عبید ابن جراح ؓ، حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ، حضرت خالد بن ولید ؓاور تاریخی شخصیات میں سلطان نورالدین زنگی، صلاح الدین ایوبی، فاتح سند ھ محمدبن قاسم جبکہ نشان حیدر پانے والے میجر عزیز بھٹی شہید، کیپٹن کرنل شیر خان شہید، حوالدار لالک جان شہید کے موضوعات پر زیرتربیت پولیس افسران کے مابین کوئز مقابلے ہوئے۔
جن میں زیر تربیت سب انسپکٹر نوید احمد آمدہ ضلع شیخوپورہ اور ہیڈ کانسٹیبل قیصر عباس آمدہ ضلع ڈیرہ غازیخان فاتح رہے، جبکہ زیرتربیت سب انسپکٹر غلام مصطفی آمدہ ضلع بہاولپور اور ہیڈ کانسٹیبل محمد آفتاب آمدہ ضلع شیخوپورہ رنراپ رہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب جناب ڈاکٹر احسان صادق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان کی کاوشوں کو سراہا ، اور کہا کہ آئندہ بھی ایسے مقابلہ جات کے ا نعقاد کا سلسلہ جار ی رہنا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے اسلاف کی روایات اور تعلیمات پر عمل کرنا ترک کر دیا ہے جوکہ ہمارے قومی زوال کی بڑی وجہ ہے۔
اقوام عالم میں اپنے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ہمیں اپنی دینی اور تاریخی ورثے کی پیروی کرنا ہوگی، تبھی ہم اپنے ہیروز کی پیروی کرنے سے ہی ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے کوئز مقابلوں میں شرکت کرنے والے زیر تربیت پولیس افسران میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب کے اختتام پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان گوہر مشتاق بھٹہ نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب جناب ڈاکٹر احسان صادق کا ادارہ ہذا میں تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا ، اور یاد گاری شیلڈ پیش کی۔


















