بجلی ٹرانسمیشن لائنوں کے نیچے تعمیرات کرنے والوں کو نوٹس جاری

میپکو کی طرف سے بجلی ٹرانسمیشن لائنوں کے نیچے تعمیرات کرنے والوں کو نوٹس جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
پہلے مرحلے میں 132کے وی لائنوں کے نیچے 200سے زائد مکانات، دکانوں سمیت عمارتیں تعمیر کرنے والوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں کہ وہ خود ہی یہ ناجائز و خطرناک تعمیرات منہدم کردیں ، وگرنہ قانونی کارروائی کرکے غیر قانونی تعمیرات منہدم کردی جائیں گی۔
ایکسین ایس ایس اینڈ ٹی میپکو انجینئر ساجد محموداور اسسٹنٹ انجینئر سلیم شاہد کے مطابق ٹرانسمیشن لائنوں کے نیچے گھر، دکانیں و دیگر تعمیرات انسانی جانوں کے لئے شدید خطرے کا باعث ہیں۔
خصوصاًآندھی‘ طوفان و بارشوں کے موقع پر تو صورتحال انتہائی خطرناک ہوجاتی ہے، کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
اس لئے انسانی جانوں کو خطرات کے پیش نظر یہ غیر قانونی خطرناک تعمیرات ہر صورت گرائی جائیں گی۔
پہلے مرحلے میں مذکورہ غیر قانونی تعمیرات کے حامل گھروں و عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کئے جارہے ہیں، جبکہ ایس ای آپریشن کو بھی لیٹر بھجوایا جارہا ہے کہ ان غیرقانونی گھروں وعمارتوں کے بجلی کنکشن منقطع کئے جائیں ، اور انہیں کنکشن دینے والے ملازمین کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے۔
انہوں نے بتایا کہ ان خطرناک عمارتوں کے سوئی گیس کنکشن بھی منقطع کئے جائیں گے۔
انسانی جانوں کو محفوظ کرنے کے لئے سخت ترین اقدامات سے بھی گریز نہیں کیاجائے گا۔


















