جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث گینگز کے خلاف آپریشن شروع
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر احسان صادق کے حکم پر جنوبی پنجاب میں عدالتی مفروران، اشتہاریوں،منشیات فروشوں اور مختلف نوعیت کی ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگز کے خلاف آپریشن جاری، جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کر کے چالان کی تکمیل کے عمل ، اور پراسیکیوشن کے عمل میں نقائص کے خاتمے کے لیے لیگل افسران سے رہنمائی لے کر مجرموں کیلیے سزا کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔
جنوبی پنجاب پولیس آفس میں روزانہ کی بنیاد پر تمام اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور جرائم کی شرح کو مزید کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے دور رس نتائج کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز جنوبی پنجاب پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب 318 ملزمان، 6 اے کیٹیگری کے اشتہاریوں کو گرفتار کیا ۔
14 کلو گرام چرس، 1207 لیٹر شراب ،18 عدد پسٹل و رائفل کے علاوہ نقد لوٹی ہوئی رقم مبلغ 36490000 روپے برآمد کی، اور 336 مقدمات کے ایک دن میں چلان مکمل کر کے برائے سماعت عدالتوں میں جمع کروائے گئے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر احسان صادق نے رواں سال مختلف نوعیت کی چوری ،ڈکیتی اور دیگر قسم کی وارداتوں میں ملوث تمام گینگز کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
جنوبی پنجاب پولیس نے تقریباً 688 ملزمان پر مشتمل 152 گینگز کو ٹریس کر کے 524 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
ایڈیشنل آئی جی نے بقیہ 164 ملزمان کی گرفتاری کےلئے افسران کو خصوصی ٹاسک اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا۔
ڈاکٹر احسان صادق کا کہنا ہے کہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر کے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جا رہا ہے، اور عوام الناس کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نقص امن پیدا کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، اور جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


















