پیف نے اساتذہ کو تنخواہیں دینے کی وارننگ جاری کردی

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی انتظامیہ نے ایسے سکول مالکان جنہوں نے ابھی تک اپنے اساتذہ اور عملے کو تنخواہیں ادا نہیں کیں، ان کو عید الاضحی سے پہلے اپنے تمام اساتذہ اور عملے کو ماہ جون اور جولائی 2022 کی تنخواہیں ادا کرنے کے حوالے سے جامع ہدایات اور احکامات جاری کیے ہیں ،اور اس سے متعلقہ سرکلر پیف کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے ۔
پیف انتظامیہ کو اساتذہ کی جانب سے مسلسل شکایات اور پیغامات موصول ہو رہے تھے کہ اساتذہ کو تنخواہیں ادانہیں کی جا رہیں، جس پر پیف انتظامیہ نے سکول مالکان کو تنبیہ کی ہے کہ وہ عید الاضحی سے پہلے تمام اساتذہ اور عملے کو تنخواہیں جاری کریں۔
سرکلر کے مطابق پیف انتظامیہ کی جانب سے پیف پارٹنرز کو جولائی 2022تک کی تمام پیمنٹس ادا کی جاچکی ہیں، جس میں سکول کے تمام تر اخراجات بشمول اساتذہ و دیگر عملے کی تنخواہیں شامل ہیں تاکہ سکول مالکان اپنے ادارے سے منسلک تمام اساتذہ و عملے کو بروقت تنخواہیں ادا کر سکیں۔
سرکلر میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ سکول مالکان تمام اساتذہ و عملے کو گرمیوں کی چھٹیوں کے ہر ماہ کی ادائیگی بھی بروقت کریں۔
سرکلر میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پیف پارٹنرز ہر ماہ منتھلی اپ ڈیٹ جمع کرواتے وقت سیلری سرٹیفکیٹ بھی جمع کرواتے ہیں، جس میں بتایا جاتا ہے کہ پیف پارٹنرز نے اپنے سکول میں پڑھانے والے تمام اساتذہ کی تنخواہ ادا کر دی ہے۔
سرکلر کے مطابق ماہ اگست میں ہونے والی مانیٹرنگ کے دوران سکولوں میں سیلر ی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی جائے گی، اور سرٹیفکیٹ میں دیے گئے کوائف میں غلط بیانی کی صورت میں سکول مالکان کے خلاف پیف کے قوائد و ضوابط کے تحت انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، جو کہ کیس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے سکول کی ایک ماہ کی ادائیگی کی مکمل کٹوتی کی صورت میں بھی ہو سکتی ہے۔



















