نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیے26 کھلاڑیوں کو لاہور طلب کرلیا گیا

(رپورٹ ۔۔۔آغاشاہد عظیم )
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی سفارش پر26 کھلاڑیوں کو جمعرات سےشروع ہونے والے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیےنیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور طلب کرلیا ہے۔
تین جون سے شروع ہونے والے اس کیمپ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ان کھلاڑیوں کوطلب کیا گیا ہے جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے رہے۔ 38 روزہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی پختگی کے ساتھ ساتھ ان کے تکنیکی پہلوؤں پر کام کیا جائے گا۔
کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائیٹ بال پلیئرز کے دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں کو متعلقہ طرز کی کرکٹ سے متعلق ہی ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔
این ایچ پی سی میں انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق کرکٹر ثقلین مشتاق اس کیمپ کی نگرانی کریں گے۔
اس دوران نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹرکے دو کوچز محمد یوسف اور عمر رشید سمیت قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے دستیاب کوچزبھی ان کی معاونت کریں گے۔
ان کوچز میں مصباح الحق( ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ قومی کرکٹ ٹیم)، اعجاز احمد (ہیڈ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم) اور مہتشم رشید (فیلڈنگ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم) شامل ہیں۔
کیمپ میں طلب کردہ تمام کھلاڑی کل بروز جمعرات کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں رپورٹ کریں گے، جہاں وہ 4 جون بروز جمعہ سے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کا آغاز کریں گے۔ دورہ ویسٹ انڈیز پر روانگی سے قبل قومی ٹیسٹ کرکٹرز کا تربیتی کیمپ بعد میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں لگایا جائے گا۔
چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم:محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم ان کھلاڑیوں کومسابقتی کرکٹ کی ٹریننگ کے لیے ایک منظم ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔یہ کیمپ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ انہیں ماہر کوچزکی زیرنگرانی اپنی خامیوں پر قابو پانے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔
کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق (سینٹرل پنجاب) ، اطہر محمود (ناردرن) ، فیصل اکرم (سدرن پنجاب) ، حارث سہیل (بلوچستان) ، عمران بٹ (بلوچستان) ، عرفان اللہ شاہ (خیبر پختونخوا) ، اسرار اللہ (خیبر پختونخوا) ، کامران غلام (خیبر پختونخوا ) ، میر حمزہ (سندھ) ، محمد عباس (سدرن پنجاب) ، محمد طحٰہ (سندھ) ، مبصر خان (ناردرن) ، مختار احمد (سدرن پنجاب) ، منیر ریاض (ناردرن) ، نعمان علی (ناردرن) ، عمیر بن یوسف ( سندھ) ، صاحبزادہ فرحان (خیبر پختونخوا) ، ساجد خان (خیبر پختونخوا) ، سلمان ارشاد (ناردرن) ، سعود شکیل (سندھ) ، تاج ولی (بلوچستان) ، عمر خان (سدرن پنجاب) ، عثمان صلاح الدین (سینٹرل پنجاب) ، وقار حسین (سدرن پنجاب) ، یاسر شاہ (بلوچستان) اور ضیاء الحق (سدرن پنجاب) شامل ہیں۔



















