جنوبی پنجاب پولیس آفس میں عوام الناس کے مسائل میرٹ پر حل کیے جا رہے ہیں : ڈاکٹر احسان
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ جنوبی پنجاب پولیس آفس کا قیام عوام الناس کے مسائل انکی دہلیز پر پر حل کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے ، جہاں پر جنوبی پنجاب پولیس آفس میں عوام الناس کے مسائل میرٹ پر حل کیے جا رہے ہیں ۔
جنوبی پنجاب کے تمام افسران کو سخت ہدایات بھی کی گئی ہیں کہ پولیس کا وقار بہتر بنانے اور معاشرے میں امن و امان قائم کرنےکے لیے غریب اور کمزور لوگوں کی مدد کریں، اور پولیس سے متعلقہ تمام مسائل کو میرٹ پر نمٹائیں۔
اسی اثناء میں گزشتہ روز ملتان پولیس لائن میں تھرڈ تبدیلی تفتیش بورڈ کا انعقاد کیا گیا ، جس کی صدارت آر پی او بہاولپور صادق علی ڈوگر نے کی اے آئی جی ڈسپلن جنوبی پنجاب لیفٹیننٹ ر عمران شوکت اور ایس پی لیگل حاکم نول نے بطور ممبر شرکت کی۔
ڈیرہ غازی خان ریجن سے 2 اور ملتان ریجن سے 8 اپیلوں پر سماعت کی گئی ،جنوبی پنجاب پولیس آفس کے قیام سے اب تک یہ آٹھواں تبدیلی تفتیش بورڈ کا اجلاس ہوا۔
اس موقع پر آر پی او بہاولپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب پولیس آفس کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے اور عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں۔


















