مویشی منڈیوں کو شدید بارش کے بعد فوری بحال کردیا گیا

ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئی مویشی منڈیوں کو شدید بارش کے باوجود فوری بحال کیا گیا ہے ، اور مثالی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے منڈیوں میں جم غفیر کے پیش نظر جانوروں کی ویکسین یقینی بنائی گئی ہے ، جبکہ تمام ضلعی محکموں کے کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اچانک عارضی مویشی منڈیوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شدید بارش کے بعد منڈیوں سے فوری نکاسی آب کا حکم دیا، اور اپنی نگرانی میں پانی کا نکاس یقینی بنایا۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ضلعی محکموں کے کاؤنٹرز اور مویشیوں کی ویکسین کا بھی جائزہ لیا ۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ بیوپاریوں اور خریداروں کو مثالی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔عوام کی سہولت کیلئے فری شٹل سروس چلائی گئی ہے۔
طاہر وٹو نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر صفائی آپریشن کیلئے موثر پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید کے موقع پر زائد ٹرانسپورٹ کرایے وصول کرنے پر سخت کارروائی ہوگی۔


















