واسا کا آپریشن 24 گھنٹے جاری رہا

عید قرباں کے موقع پر شہریوں کو فراہمی ونکاسی آب کی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لئے واسا کی طرف سے 24 گھنٹے آپریشن جاری رہا ۔
واسا کے تمام سیوریج سب ڈویژن،ڈسپوزل اسٹیشنز، واٹر ورکس کھلے رہے جہاں عید کے پر مسرت موقع پر شہریوں کو فراہمی ونکاسی آب کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹیمیں مشینری کے ہمراہ اپنی اپنی حدود میں ڈیوٹی روسٹر اور دن،رات کی شفٹوں کے مطابق متحرک رہیں۔
مینجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا عید ایام میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے حوالے سے شکایات کا ازالہ کرنے کے سلسلے میں ٹیموں کی کارکردگی کا خود جائزہ لیتے رہے ۔
عید کے پہلے روز انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں، ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کرکے ملازمین کی حاضری چیک کی، اور ڈیوٹی پر موجود ملازمین کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ۔
سہہ پہر کے اوقات شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے دوران ایم ڈی واسا نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے سٹاف،مشینری کو فیلڈ میں طلب کرلیا، اور انہوں نے اپنی نگرانی میں کلمہ چوک ،نشتر روڈ،سورج میانی ،ایم ڈی اے چوک ،پل براراں،غوث الاعظم روڈ،پرانا بہاولپور روڈ،ابدالی روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے اپنی نگرانی میں بارش کے پانی کی نکاسی کروائی۔
انہوں نے عید ،ٹرو،مرو کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کی شکایات کا ازالہ کروایا، اور اہل علاقہ کو فوری طور پر ریلیف دلوایا انہوں نے اس دوران ڈیوٹی پر موجود افسران اور سٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی۔
ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش دی ۔
عید ایام میں ڈسپوزل اسٹیشنز افسران کلکٹنگ ٹینکس کے فری فال ہونے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کرتے رہے۔
ایم ڈی واسا نے عید ایام میں آپریشنل سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک سروس ڈیلیوری کے اداروں میں واسا وہ ادارہ ہے جو کہ دن رات 24 گھنٹے عوام کی خدمت میں حاضر رہتا ہے ، خاص طور پر واسا کے سیور مین اس سسٹم کو رواں رکھنے کے لیے ہمیشہ پرعزم رہتے ہیں اور ہمیں ان کی خدمات پر فخر ہے۔
انہوں نے حالیہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی پر تمام سیوریج سب ڈویژنوں کو اپنی اپنی حدود میں ڈی سلٹنگ مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔
دریں اثناء چاند رات کو سینیٹر رانا محمود الحسن اور صوبائی ٹکٹ ہولڈر آصف رفیق رجوانہ نے رات گئے ہیڈ آفس شمس آباد کا دورہ کیا۔
انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا سے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے شہر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا۔
جس پر ایم ڈی واسا قیصر رضا نے انہیں بتایا کہ عید ایام میں تمام سیوریج، واٹر سپلائی اور ڈسپوزل سٹیشنوں کے افسران اور سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور اور عید انتظامات کے حوالے سے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کیے گئے 15 خصوصی کیمپوں پر عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
جبکہ شکایات کے حوالے سے واسا کا کمپلینٹ سیل اور ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے۔


















