جنوبی پنجاب کی 2 ہزار سے زائد ترقیاتی سکیموں کے لئے 240 ارب روپے مختص

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ نئے مالی سال میں جنوبی پنجاب کی2 ہزار سے زائد ترقیاتی سکیموں کے لئے240 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
ان منصوبوں میں 1548 جاری اور443 نئے ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔یہ بات انہوں نے نئے مالی سال 23-2022 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمںنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ تمام سیکرٹریز منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے بھرپور مانیٹرنگ کریں ، اور جاری کردہ فنڈز کےسو فیصد استعمال کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں بارے حکومت کی گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے اور سکیموں کے تعمیراتی معیار بارے شکایت پرسخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔
کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار شاندار رہی اور منصوبوں کے لئے جاری کئے گئے 186 ارب میں سے 181 ارب روپے خرچ کئے گئے، اس طرح جاری کردہ فنڈز کا استعمال97 فیصد رہا۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مالی سال 23-2022 میں ملتان کے541، بہاولپور 439 اور ڈی جی خان کے502 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
میگا پراجیکٹس بارے بریفنگ میں بتایا گیا کہ جہانگیر آباد ملتان کے سیوریج کے منصوبے کےلئے 12 کروڑ 50 لاکھ روپے اور واسا ملتان کے مکینکل سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے1ارب 59 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوٹ ادو تا دائرہ دین پنا ہ روڈ دو رویہ کرنے کے لئے10 کروڑ روپے، شجاع آباد تا جلالپور پیروالا روڈ کی بحالی کے لئے36کروڑ50 لاکھ روپے،رنگ پور تاچوک سرور شہید روڈ کی مرمت کے لئے 23 کروڑ 30 لاکھ روپے،ملتان میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے لئے25کروڑ روپے اور ڈی جی خان میں میر چاکر یونیورسٹی کے لئے 10کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ قائم پور سے ہیڈ اسلام روڈ کی تعمیر، سوڑا ڈیم ڈی جی خان،ملتان رنگ روڈ اور کچا کھو تا عبدالحکیم روڈ کے لئے بھی بجٹ میں فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں ایجوکیشن، ہاوسنگ، پی اینڈ ڈی، ایس اینڈ جی اے ڈی، لائیوسٹاک، سی اینڈ ڈبلیو، فاریسٹ اور صحت کے محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ فنانس اور دیگر محکموں کےایڈیشنل سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔


















