تیزی کے ساتھ آن لائن ایجوکیشن کی جانب شفٹ ہونا پڑے گا: ڈاکٹر کنڈی

بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے کہاہے کہ آج کے جدید دور میں آن لائن ڈسٹنس لرننگ وقت کا تقاضا ہے، اور ہمیں تیزی کے ساتھ آن لائن ایجوکیشن کی جانب شفٹ ہونا پڑے گا۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ورچوئل یونیورسٹی اسلام آباد کے تعاون سے اور فاصلاتی نظام تعلیم بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام دوروزہ آن لائن اینڈ فزیکل ٹریننگ سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے مزیدکہاکہ ٹیکنالوجی کے دور میں ہمیں خود کو تیار کرنا ہے کہ ہم اس کی جدت کو بخوبی جان سکیں، اور بحیثیت استاد اس ٹیکنالوجی اور جدت کو نوجوان نسل میں منتقل بھی کرسکیں۔
انہو ںنے کہاکہ دو روزہ آن لائن اینڈ فزیکل ٹریننگ یقینا اساتذہ کرام کے علم میں اضافے کا باعث بنے گی ، اور میں توقع رکھتا ہوں کہ سوشل سائنسز اور لینگوئجز کے اساتذہ کرام اس ٹریننگ سے بھرپور استفادہ حاصل کرینگے، اور اپنے علم کو مزید آگے پھیلائیں گے ۔
ٹریننگ سیشن سے ڈین ڈاکٹر محمد عزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں اور ایچ ای سی اور ورچوئل یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ بہاء الدین زکریایونیورسٹی کی بھی یہ کوشش ہے کہ فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت ہر کسی کے لیے علم کے دروازے کھول دیں۔
ڈائریکٹر فاصلاتی نظام تعلیم ڈاکٹر جاوید سلیانہ نے کہاکہ ایجوکیشن لبرل ویلیوزکی علامت ہے۔اور پھر سے دہلی کالج اور مدارس قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔
انہو ںنے کہاکہ1912 تک برصغیر اور پاک و ہند میں صرف پانچ یونیورسٹیز تھیں۔ اور آج سینکڑوں یونیورسٹیاں علم کی شمعیں روشن کررہی ہیں۔
انہو ںنے کہاکہ اس ٹریننگ کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے اساتذہ کرام کو جدید دور کے جو چیلنجز ہیں ان سے مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرسکیں۔
ورچوئل یونیورسٹی کے ڈاکٹر رضوان نے کہاکہ بیس سال سے ورچوئل یونیورسٹی تعلیم کے میدان میں راہیں آسان کررہی ہے۔ اور بدقسمتی یا خوش قسمتی سے کرونا کی وجہ سے دنیا بھر آن لائن ڈسٹنس لرننگ ایجوکیشن پر شفٹ ہوچکی ہے۔ اور ہماری یہ کوشش ہے کہ ہم فزیکل ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ آن لائن ایجوکیشن کے لیے بھی تیار ہوں اور ہم اس کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔
ایچ ای سی کے تعاون یہ ٹریننگ آج 29 جولائی تک جاری رہے گا ۔
جبکہ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر امان اللہ سمیت ڈین و اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔




















