واسا کی جانب سے نکاسی آب کے لیے آپریشن کا سلسلہ بلا تعطل جاری

ملتان میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے دوران واسا کی جانب سے نکاسی آب کے لیے آپریشن کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔
واسا کے سیوریج اور ڈسپوزل اسٹیشنز ڈویژنوں کی جانب سے جمعرات کے روز بھی موسلادھار بارش کے سلسلے کے بعد سے پانی کی نکاسی کے لئے آپریشن جاری ہے ،جمعرات کے روز ملتان میں ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے ہائی الرٹ جاری کر دیا اور تمام سیوریج، ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسران، فیلڈ سٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کے لیے طلب کرکے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ۔
اس دوران ایم ڈی واسا قیصر رضا نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فل کیپسٹی پر چلانے کی ہدایت کی اور انہوں نے لمحہ بہ لمحہ شہر بھر میں نکاسی آب کے جاری آپریشن کی مانیٹرنگ کی۔
انہوں نے شہر کے مختلف مقامات کے نشیبی ایریاز میں متعلقہ سیوریج سب ڈویژن کو ترجیحی بنیادوں پر مشینری کے ذریعے بارش کا پانی کلیئر کرنے کا بھی حکم دیا۔
بارش کا سلسلہ تھمتے ہی منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ اور شاہراؤں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا۔
اس دوران ایم ڈی واسا کو ڈسپوزل اسٹیشنوں پر ریکارڈ کی گئی بارش سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش کڑی جمنداں ڈسپوزل اسٹیشن پر 49 ملی میٹر، پرانا شجاع آباد روڈ ڈسپوزل اسٹیشن پر 15ملی میٹر جبکہ چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن پر 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جس پر ایم ڈی واسا قیصر رضا نے تمام سیوریج افسران کو شاہراوں کے ساتھ ساتھ نشیبی علاقوں سے بھی بارش کے پانی کو بروقت نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی، اور انہوں نے تمام افسران کو مزید بارش کی پیشگوئی کے سلسلے میں الرٹ رہنے اور اپنی اپنی حدود میں نکاسی آب کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا حکم دیا ۔
انہوں نے تمام سیوریج اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسران اورسٹاف کو بارش کے پانی کا آپریشن مکمل ہونے تک فیلڈ میں حاضری کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔


















