یوم آزادی کی ہفت روزہ تقریبات بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے 14 اگست یوم آزادی کی ہفت روزہ تقریبات بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ضلعی محکموں کو تقاریب کے اہتمام کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل بروز 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم آزادی کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے بریفننگ بھی دی، ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ 14 اگست کو آرٹس کونسل میں قومی سطح کا مشاعرہ کرایا جائے گا، جس میں ملک کے نامور شعراء کو مدعو کیا جائے گا ۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ میراتھن دوڑ،سائیکل ریس سمیت مخلتف مقابلے بھی جشن آزادی تقاریب کا حصہ ہونگے ۔
طاہر وٹو نے مزید کہا کہ سرکاری و نجی عمارتوں پر سجاوٹ،تقاریری مقابلے اور ثقافتی سٹال بھی لگائے جائیں تاکہ وطن اے محبت کا اظہار کیا جاسکے ۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ قومی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوگی، جبکہ یوم آزادی کے موقع پر کمرشل و نجی عمارتوں کی سجاوٹ پر انعامات بھی دیے جائیں گے۔


















