ضلع ملتان میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد بڑھا کر22 کردی گئی

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ہال میں قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر پورا ہفتہ24 گھنٹے کھلا رہے گا۔شہری کسی بھی وقت سنٹر وزٹ کرکے ویکسی نیشن کرا سکیں گے۔دوسری طرف ضلع ملتان میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد بڑھا کر22 کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر دیہی علاقوں کے عوام کی کورونا ویکسی نیشن کے انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر بارے رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو پیش کردی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں قائم سنٹر 7جون سے 24 گھنٹے ویکسی نیشن کی سروس فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ ضلع کے8 رورل ہیلتھ سنٹرز میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر قائم کر دئے گئے،دیہی آبادی سے تعلق رکھنے والے افراد کل سوموار سے کورونا ویکسی نیشن کے لئے رورل ہیلتھ سنٹرز رابطہ کریں۔
ویکسی نیشن سنٹر ایازآباد مڑل،مرداں پور،مخدوم رشید اور قادر راں، شیرشاہ، کوٹلی نجابت ،مٹوٹلی اور میراں ملہاں کے رورل ہیلتھ سنٹرز میں قائم کئے گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نشتر ہسپتال، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ،ڈینٹل کالج،چلڈرن ہسپتال،واپڈا ہسپتال ،برن یونٹ،ڈینٹل کالج،قائد ایجوکیشنل اکیڈمی،ڈی ایچ ڈی سی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بھی سنٹرز فعال ہیں ۔
جبکہ شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں دو دو کورونا ویکسی نیشن سنٹر کام کررہے ہیں۔گزشتہ روز اتوار کی چھٹی کے باوجود سرکاری ملازمین کی ویکسی نیشن جاری رہی۔
سرکاری ملازمین کی سہولت کے لئے بی زیڈ یونیورسٹی، واسا ہیڈ آفس،رضا ہال اور کمپری ہینسیو سکول میں خصوصی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔



















