ملتان : واسا میں ہائی الرٹ جاری

بدھ کی سہ پہر ملتان میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی منیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے واسا میں ہائی الرٹ جاری کردیا، اورتمام سیوریج، ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے افسران، سٹاف کو مشینری کے ہمراہ اپنی اپنی حدود میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے طلب کرلیا ۔
اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے شہر کے مختلف علاقوں اور ڈسپوزل اسٹیشنوں کا دورہ کرکے نکا سی آب کے انتظامات کا معائنہ کیا ۔
سیوریج افسران کو ہائی الرٹ رہنے اور نکاسی آب کا آپریشن مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے تمام روڈز،اہم شاہراہوں میٹرو روٹ سمیت نشیبی علاقوں سے بھی ہنگامی بنیادوں پربارش کے پانی کی بروقت نکاسی کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ سیوریج سٹاف کو سڑکوں پر مین ہولز کورز ہٹانے، سکر مشینوں کے ذریعے پانی اٹھانے تمام ڈسپوزل سٹیشنوں کو فل کیپیسٹی پر چلانے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے لوڈ شیڈنگ کے دوران ڈسپوزل اسٹیشنوں کو جنریٹرز پر چلانے کی بھی ہدایت کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن نے اس دوران ایم ڈی واساکو بارش سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن پر 36ملی میٹر، پرانا شجاع آباد روڈ پر 32 ملی میٹر، کڑی جمنداں ڈسپوزل اسٹیشن پر سب سے زیادہ 47 میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا نے شہری علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی تک تمام افسران و ملازمین کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے اور آئندہ بارش کی پیشنگوئی کے باعث الرٹ رہنے کا حکم دیا.


















