سٹوڈنٹس کونسلوں کے منتخب ہونے والے عہدیداروں کو ذمے داریاں دینے کا حکم

جنوبی پنجاب کے سکولوں میں سٹوڈنٹس کونسلوں کے الیکشن مکمل ہوگئے ،جس کے بعد سیکرٹری سکولز نے عہدیداروں کو ذمے داریاں سونپنے کی ہدایت کی ہے۔
جس کے بعد ڈی پی آئی ایلمنٹری سکولز نے مراسلہ جاری کردیا ہے کہ تمام ڈی ای اوز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ نومنتخب عہدیداروں کو فوری طور پر ذمے داریاں دی جائیں، اور اس حوالے سے سکولوں میں بینر بھی آویزاں کیے جائیں، جن پر ذمے داریاں تحریر کی گئیں ہوں ۔
جاری مراسلے کے مطابق سکول کونسل کے عہدیدار صاف ستھرے لباس میں ملبوس ہوں گے ، تمام عہدیدار بشمول سی آر دیگر طلبا کے مسائل حل کرنے میں مدد کریں گے ، اور ڈسپلن کو برقرار رکھنے میں مدد کریں گے ۔
تمام عہدیداروں کو اپنے ذمے داریوں کا پتا ہونا چاہیے، اور وہ ان کو کسی بھی افسر کے سامنے پیش کرنے اور اس کی وضاحت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہوں ۔
صاف ستھرے لباس میں ملبوس سی آر اور جی آر دوسرے طلبا کے لئے رول ماڈل ہوں گے ، اور ان کو پڑھائی میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اور سکول کے باہر بھی ایک شریف اور پرامن شہری کے طورپر اپنی کارکردگی دکھانا ہوگی ۔
اس مراسلے کو پوری روح کے ساتھ نافذ کیا جائے، اور اس ہدایات کے مطابق عمل کرکے تصاویر کے ساتھ رپورٹ ارسال کی جائے ۔



















