ایچ ای سی نے ایمرسن یونیورسٹی کو کلاسز شروع کرنے کا این او سی جاری کردیا
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے معائنہ ٹیم کی رپورٹ کے بعد ایمرسن یونیورسٹی میں کلاسز شروع کرنے کا این او سی جاری کردیا، جس کے بعد تمام کورسز کو قانونی شکل مل گئی ہے۔
اس سلسلے میں ایمرسن یونیورسٹی کو ہایئر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی طرف سے انڈر گریجویٹ کلاسز کی اجازت ملنے پر خصوصی تقریب یونیورسٹی آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی، جس میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر حیات اعوان سابق وائس چانسلر بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ، ڈاکٹر حمید رضا صدیقی سابق ڈائریکٹر کالجز ، پروفیسر ڈاکٹر زاہد چوہان ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ساوتھ پنجاب فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کی۔
نظامت کے فرائض ڈاکٹر ابرار محی الدین نے سر انجام دیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد رمضان نے تمام شرکاء کو مبارکباد دی ، اور ایمرسن یونیورسٹی کو پاکستان کی بہترین یونیورسٹی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کلاس رومز میں سمارٹ بورڈ لگانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں تمام تر تعلیم و تعلم کا کام ڈیجیٹل اور ماڈرن طریقہ کار سے کیا جائے گا۔
اساتذہ و طلبا کے لیے کانفرنسز اور ورکشاپس کا اہتمام کیا جائے گا، اور ذہنی استعداد کو بڑھاتے ہوئے طلباء و طالبات کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ معاشرے کا مفید فرد بن سکیں۔


















