سعودیہ کیساتھ بھی سی پیک طرز کا اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں : احسن اقبال
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ بھی سی پیک طرز کا اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان قونصلیٹ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے پھیلائے گئے جھوٹ میں کوئی حقیقت نہیں ہے، چھ ماہ کے دوران ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
ان کا کہنا تھا سابق حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت داؤ پر لگی تھی، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل کرکے معیشت کو بہتر بنایا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیا ہے، پی ٹی آئی کا مکمل بیانیہ جھوٹ اور نفرت پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سبوتاژ کرنےکی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی ایک منظم جھوٹ پر مبنی مہم چلارہی ہے لیکن یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قوم کو متحد کرنے کا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے اسٹریٹجک پارٹنرکی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت نے سی پیک کا دوبارہ آغاز کیا جسے پی ٹی آئی نے برباد کر دیا تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا سی پیک طرز کا سعودی عرب سے بھی اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں، سی پیک کے تحت چین اورسعودی عرب کو مشترکہ سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے لیے انشورنس اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔