نواز شریف زرعی یونیورسٹی کی طالبات چلائیں گی بائی سائیکل
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی نے حکومتی اعلان پر تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد طلباء و طالبات کی ہم نصابی سر گرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے ہال وارڈن آفس نے سالانہ کھیلوں کا آغاز کر دیا۔
کھیلوں کا افتتاح رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی (تمغہ امتیاز) نے کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کی آباد کاری صحت مند قوم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی کے طلباء و طالبات میرے لیے میرے اپنے بچوں جیسے ہیں اس لیے ان بچوں کو سہولیات، دماغی سکون کیلئے کھیلوں جیسی دوسری سرگرمیوں میں مصروف رکھنا میری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھیل انسان میں جیت اور ہار دونوں صورتوں کو قبول کرنے کے قابل بناتے ہوئے کامیاب انسان بننے میں راہ ہموار کرتی ہے۔ زندگی میں خوش رہنے کیلئے کھیلوں سے وابستگی بہت ضروری ہے۔
انہوں نے گرلز ہاسٹل اور بوائز ہاسٹل میں کھیلنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی اور ان کی سرگرمیوں میں دلچسپی برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔ مزیدبرآں کھیل کی سرگرمیوں کے دوران ایشیاء فاؤنڈیشن اور اکاؤنٹیبلٹی لیب کے "پیڈل یوور پروگرام” کے تحت 40گرلزسائیکل زرعی یونیورسٹی کی طالبات میں تقسیم کیں۔
وائس چانسلر جامعہ نے وومن اپماورمنٹ کیلئے طالبات میں سائیکل تقسیم کرنے کے بعد ان کے ساتھ سائیکل ریس میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ اس کے ذریعے طالبات اپنی خود اعتمادی کو بڑھا سکیں گی اور اپنے کام خود کر سکیں گیں۔
اس موقع پر طالبات نے وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان سائیکلوں کی مدد سے ہم یونیورسٹی کے اندر با آسانی سفر کر سکیں گیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشفاق، ڈاکٹر عمر فاروق، ڈاکٹر مرزا عبدالقیوم، ڈاکٹر عثمان جمشید، مس سائمہ رشید، ارقم اقبال سمیت دیگر موجود تھے۔


















