اقلیتی برادری کپتان، سردار عثمان بزدارکی حکومت پر فخر محسوس کر رہی ہے: مہندرپال

وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت نے شاندار بجٹ پیش کیا ہے اور بجٹ میں کمزور طبقات کو خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔بجٹ میں پنجاب حکومت نے اقلیتوں کی بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق سردار مہندر پال نے کیااور کہا کہ تاریخ میں پہلی بار مختلف سیکٹرز کو اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے بجٹ 2021-22میں اقلیتوں کے فنڈ کو 400فیصدبٹرھانے پر اقلیتی برادری کپتان، سردار عثمان بزدارکی حکومت پر فخر محسوس کر رہی ہے اعلان کردہ اقدامات سے مستحکم ہوتی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کی بدولت تمام معاشی اشاریئے مثبت ہو چکے ہیںتاہم بہترین بجٹ پر اپوزیشن رہنماؤں کا واویلا بے وقت کی راگنی ہے اور بجٹ میں اعلان کردہ عوام دوست اقدامات پر اپوزیشن کارویہ ملکی مفادات سے متصادم ہے اور بہترین اورمتوازن بجٹ پر اپوزیشن کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے عیاں ہے۔ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان معاشی طورپرمضبوط ہو۔ بجٹ پر سیاست چمکانا انہیں زیب نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام کے سفر پر گامزن ہے۔


















