"ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد
بدعنوانی کے خلاف عالمی دن کی مناسبت سے نیب ملتان کے زیراہتمام بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے جناح آڈیٹوریم میں "ہمارا ایمان، کرپشن فری پاکستان” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان فیاض احمد قریشی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ صدارت ڈائریکٹر نیب ملتان چوہدری نیاز حسن نے کی۔
اس تقریب میں جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ و طالبات نے کرپشن کے خاتمے اور کرپشن فری پاکستان کے عنوان سےاردو اور انگریزی میں تقاریر کیں۔
اس موقع پر زکریا یونیورسٹی کے جناح آڈیٹوریم کی گیلری میں بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق مختلف پینٹنگز کی نمائش بھی کی گئی، جسے شرکاءنے بے حد سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیب ملتان چوہدری حسن نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے قانون سازی کیساتھ ساتھ قوانین پرعملداری کو یقینی بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ بدعنوانی کے خاتمے میں امید کی کرن بن کے سامنے آیا ہے ، اور ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لئے بدعنوانی کا تدارک ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کے خاتمے میں حکومت کیساتھ ساتھ ساری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا ہونا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مالی ضابطوں کی خلاف ورزی اور عہدوں کا ناجائز استعمال کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔
ڈائریکٹر نیب ملتان چوہدری نیاز حسن نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور اس سے آگاہی کے سلسلے میں نیب کے زیر اہتمام تمام اضلاع میں طلبا کے مابین تقریری مقابلوں کے علاوہ مضامین نویسی اور آگاہی واکز کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔
تقریب میں ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز کے مختلف اضلاع کے کالجز اور یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے طلباءکی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
بعد ازاں ڈائریکٹر نیب نے تقریری مقابلے میں کامیاب اور شریک طلباءمیں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔