بلوں کے نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم کو مزید تیز کیاجائے:سی ای او میپکو

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق نے کہا ہے کہ بلوں کے نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم کو مزید تیز کیاجائے اور عدم ادائیگی پر ان کے کنکشنز بلاامتیاز منقطع کئے جائیں۔
پرائیویٹ صارفین کے ساتھ ساتھ سرکاری نیم سرکاری ادارے بھی ادائیگیوں کو یقینی بنائیں۔ اس سلسلہ میں فیلڈ سٹاف کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائیگا۔مالی سال کے اختتام پر ریکوری ہماری اولین ترجیح ہے۔
وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے، جس میں ریجن بھر کے آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی کمرشل منیجرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹیکنیکل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی (پاورڈویژن) کی واضح ہدایات کی روشنی میں جاری ریکوری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے شعوری کاوشوں کو بروئے کار لایاجائے۔ آپریشنل سٹاف اور افسران صارف دوست رویہ اپنائیں اور سیفٹی کلچر کو فروغ دیاجائے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ صارفین کو موسم گرما میں بجلی کی بہتروولٹیج کے ساتھ فراہمی کے لئے ریجن بھر میں 75ہائی ٹینشن فیڈرز مکمل کئے گئے ہیں جبکہ مزید 12فیڈرز پر کام جاری ہے جو 30جون 2021ء سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی میں سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ لائن سٹاف بھی اپنی جان کی حفاظت کے لئے حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہو۔ بجلی چور معاشرے کا ناسورہیں ان کے خلاف قانون نافذکرنے والے اداروں کی مدد سے آپریشن جاری رکھاجائے۔
اجلاس میں جنرل منیجر آپریشن محمد یعقوب شیخ، جنرل منیجر ٹیکنیکل صدیق اللہ خان، جنرل منیجر کسٹمرسروسز سیداحسن محی الدین، چیف انجینئرز عبدالرحیم سومرو، نوراحمد سومرو، ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن نصر حیات میکن، ڈی جی آئی ٹی امتیاز رسول، ڈائریکٹرکمرشل خالد محمود اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔


















