تحصیل جلالپور پیر والہ میں اونٹوں کا عالمی دن منایا گیا

محکمہ لائیو سٹاک جلالپور پیر والہ نے ایک واک کا اہتمام کیا۔جس میں اونٹ پالنے والے فارمرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر کا کہنا تھا کہ "ورلڈ کیمل ڈے” منانے کا آغاز پاکستان سے ہوا ،اور اس دن کو منانے کے لیے تاریخ 22 جون کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ 22 جون کا شمار سال کے طویل ترین اور انتہائی گرم دنوں میں ہوتا ہے، اس دن کی طوالت اور شدت سے جڑا ہوا جانور اونٹ ہے جو اس دن کی طرح طویل قامت اور شدید گرم موسم میں مشکل ترین حالات میں رہنے والا جانور ہے اسی وجہ سے "ورلڈ کیمل ڈے” کیلئے 22 جون کا انتخاب کیا گیا ہے۔
اونٹ کی سب سے بہترین نسل پنجاب میں پائی جاتی ہے جس کے تحفظ اور بہتر نشوونما کیلئے محکمہ لائیو سٹاک اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اونٹ کا گوشت اور دودھ لاتعداد خوبیوں کی وجہ سے انسانی صحت کیلئے پوری دنیا میں موزوں ترین قرار دیا جا چکا ہے جس میں بیماریوں سے لڑنے کی بے پناہ صلاحیت اسے دوسرے جانوروں سے ممتاز کرتی ہے۔


















