میپکو عملے پر بجلی چوروں کا تشدد،مقدمہ درج

ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن بوریوالہ کی ٹیم پر بجلی چوروں کا تشدد۔ ڈائریکٹ تاریں اُتارنے پر بجلی چور نے اسلحہ تان لیا۔ سٹاف کو جان سے مارنے کی دھمکیاں۔ تھانہ فتح شاہ میں مقدمہ درج کروادیاگیا۔
ایس ڈی او میپکو سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن بوریوالہ عبدالغفار کے مطابق لائن سپریٹنڈنٹ سیکنڈ محمد ساجد، میٹرانسپکٹر محمد صادق اور لائن مین سیکنڈ محمد اشفاق چک 325/EB میں چیکنگ کے لئے گئے تووہاں اکاؤنٹ نمبر 11-15332-1247100زیر استعمال محمد امجد اور نذیراحمد مین کیبل سے ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کررہا تھا جب سٹاف نے تاراُتارنے کی کوشش کی تو محمد امجد نے پستول نکال لیا اور لائن سپریٹنڈنٹ سیکنڈ محمد ساجد کو مارا۔ بجلی چور کے ساتھی نذیراحمد بھی اسلحہ سے لیس ہو کر موقع پر آگیا اور لائن مین سیکنڈ محمد اشفاق کو زدوکوب کرناشروع کردیا۔ میٹرانسپکٹر محمد صادق نے اپنے سٹاف کو چھڑوانے کی کوشش کی اسی اثناء میں 5نامعلوم افراد اسلحہ، ڈنڈے و سوٹے لیکر آگئے اور میپکو ٹیم کے تینوں اہلکاروں کو بے دردی سے زدوکوب کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ سٹاف اپنی مدد آپ کے تحت جان بچاکر واپس آیا۔ ایس ڈی او کی درخواست پر بجلی چور محمد امجد اور نذیراحمد سمیت نامعلوم مسلح افراد کے خلاف بجلی چوری کرنے، میپکو ٹیم کوزدوکوب کرنے اور کارسرکار میں مداخلت کرنے پر پولیس اسٹیشن فتح شاہ میں مقدمہ درج کروادیاگیاہے۔


















