ملتان کے سلطانز نے کوئٹہ کے گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنا ڈالا
ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 28 ویں اور اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنا ڈالا ۔
راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور محمد رضوان نے کیا، عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا ، اور کوئٹہ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کر ڈالی۔
انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا اور عثمان خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے بھی 26 گیندوں پر ففٹی مکمل کی، اور وہ 55 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جبکہ رائیلی روسو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 4 اوورز میں 77 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جبکہ محمد نواز نے بھی 50 رنز دیے، اور ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔