انکلیوسیو ایجوکیشن پروگرام کے تحت اساتذہ کو جدید تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرانے کافیصلہ
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے کہا ہے کہ انکلیوسیو ایجوکیشن پروگرام کے تحت اساتذہ کو جدید تکنیکی مہارتوں سے روشناس کر کے سپیشل طلبہ کے معیار تعلیم میں بہتری لائی جا سکتی ہے، وہ قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ کوٹ ادو میں سکول کنیکٹ پروگرام کے تحت ضلع کوٹ ادو کے ہیڈ ٹیچرز کی انسٹریکشن لیڈرشپ ٹریننگ کے موقع پر اساتذہ سے گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ انکلیوسیو ایجوکیشن /انضمامی تعلیم کے تحت خصوصی بچوں کی تشخیص کرنے کے بعد انہیں نارمل بچوں کے ساتھ عام سکولوں میں تعلیم دی جائے گی۔
قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشن ڈویلپمنٹ کوٹ ادو کے دورے کے موقع پر ادارے کے پرنسپل نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو بتایا کہ تربیتی ورکشاپ میں بین الاقوامی معیار کے حامل ماسٹر ٹرینرز اساتذہ کو گورننس اینڈ منیجمنٹ، نیشنل کریکولم، ٹیکسٹ بکس، ریڈنگ اینڈ رائٹنگ سکلز اور لرننگ کےجدید تدریسی اصولوں کے مطابق تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
اس موقع پر تربیتی ورکشاپ کے ماسٹر ٹرینرز نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو انضمامی تعلیم کے حوالے سے نصاب کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ٹریننگ کے بعد اپنے تعلیمی اداروں کو انکلیوسیو بنانے اور کمیونٹی میں اس حوالے سے آگہی فراہم کرنے میں فعال کردار اداکریں تاکہ تمام بچوں کے لیے تعلیم تک رسائی آسان ہو سکے۔