سیکرٹری ایچ ای ڈی کا بڑا اقدام ۔ ۔ ۔ گرلز ہائی سکول قاسم بیلہ میں سٹاف کی تعیناتی مکمل ، جلد کلاسز کا اغاز متوقع

صوبائی حلقہ پی پی 212 قاسم بیلہ میں نو تعمیر شدہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں سٹاف کی تعیناتی مکمل کردی گئی ہے ، اور بہت جلد باقاعدہ کلاسز کا اغاز متوقع ہے ۔ اس ضمن میں سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جاوید اختر محمود نے احکامات جاری کر دئیے ۔
سابق ضلعی وائس چیئرمین ملک سرفراز احمد کھور، وائس چیئرمین یونین کونسل 79 قاسم بیلہ شیخ سہیل احمد قریشی نے وفد کے ہمراہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جاوید اختر محمود سے لاہور میں ان کے دفتر میں ملاقات کی، اور علاقے کے مسائل ان کے سامنے رکھے ، جس پر انہوں نے فوری طور پر احکامات جاری کئے، اور 2016 میں منظور شدہ گرلز ڈگری کالج قاسم بیلہ کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے متعلقہ اداروں سے ریکارڈ طلب کرلیا اور اس ضمن میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
یاد رہے کہ علاقے میں گرلز سکول اور گرلز ڈگری کالج کا قیام سابق وفاقی وزیر زراعت و غذائی تحفظ حاجی سکندر حیات خان بوسن کی ذاتی کاوشوں کی وجہ سے ممکن ہوا تھا، بعد ازاں جس پر ممبر صوبائی اسمبلی شہزاد مقبول بھٹہ کی جانب سے بہت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی گئی تھی۔
ایسے میں اس وقت کے کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے اپنے علاقے کے اس منصوبے کو تیز کیا، اور مکمل بھی کیا ان کا وژن تھا کہ سکول اور کالج کے قیام سے نہ صرف قاسم بیلہ بلکہ محمد پور گھوٹہ، لنگڑیال ، خیر پور بھٹہ اور دیگر علاقوں کی ہزاروں لڑکیاں جو کینٹ اور دیگر علاقوں میں پڑھنے جاتی ہیں کو فائدہ ہوگا، اس منصوبے سے ان کے نہ صرف ٹرانسپورٹ اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ شہر میں موجود سکولوں اور کالجوں پر بھی دباؤ کم ہوگا۔
سکول میں سٹاف تعیناتی سے اہلیان علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور سیاسی اور سماجی شخصیات کا کہنا ہے کہ اب لڑکیوں کو کینٹ نہیں جانا پڑے گا، انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ہائی سکول کی طرح ڈگری کالج بھی بہت جلد قائم ہوگا۔



















