سکول زیادتی کیس: ٹیچر معطل، پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان نے اسامہ پبلک سکول مخدوم رشید بچی زیادتی کیس میں فوری کاروائی کرتے ہوئے ٹیچر ظہیر احمد کو معطل کردیا ہے، اور پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا حکم دیدیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈی او ایجوکیشن تحصیل صدر ملتان نزہت پروین نے کیا انہوں نے کہا کہ بچی کے ساتھ ہراسمنٹ کیس میں محکمہ تعلیم کسی بھی طرح کی رعایت نہیں دے گا۔
اسکے مزید حقائق کیلئے ڈی او ایجوکیشن کے زیر انتظام محکمانہ کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے، جو تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ سی ای او ایجوکیشن کو پیش کریگی۔
نزہت پروین نے بتایا کہ ٹیچر ظہیر کی مسز نے پرائیویٹ سکول اسامہ پبلک سکول کے نام سے بنایا ہوا تھا، اور ایوننگ کلاسز لگائی جاتی تھی، اور وہ سکول پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر انتظام رجسٹرڈ تھا ۔
یہ واقعہ ایوننگ میں اسامہ پرائیویٹ پبلک سکول میں رونما ہوا ہے، ہم نے سکول کی رجسٹریشن کینسل کیلئے پیف کو بھی لیٹر بھیج دیا ہے، اور سکول کو سیل کردیا گیا ہے ۔
ٹیچر ظہیر احمد گورنمنٹ پرائمری ماڈل سکول عاربی مرکز مخدوم رشید میں بھی ڈیوٹی دیتا تھا ۔
تعلیمی اداروں میں بچیوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے محکمہ تعلیم مزید سخت اقدامات کرے گا۔