"ترین آکسفورڈ سکالر شپ” پروگرام کا آغاز
ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے صدر علی خان ترین کی جانب سے جنوبی پنجاب کے طلباء و طالبات کے لئے "ترین آکسفورڈ سکالر شپ” پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔
اس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے ذہین اور اہل طلباء کو علی ترین کی جانب سے آکسفورڈ یونیورسٹی برطانیہ میں تعلیم دلوائی جائے گی۔
علی ترین جو کہ خود بھی آکسفورڈ یونیورسٹی کے سابق طالبعلم ہیں، جنوبی پنجاب کے طلباء کے لئے آکسفورڈ میں تعلیم کے حصول کے لئے فنڈز فراہم کرینگے۔
ترین آکسفورڈ سکالر شپ پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کے ذریعے ایسے طلباء کا انتخاب کیا جائے گا، جو تعلیم حاصل کرنے بعد جنوبی پنجاب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا جذبہ رکھتے ہوں۔
اس پروگرام میں طالبات کو ترجیحی بنیادوں پر سکالرشپ فراہم کیے جائیں گے۔
اس پروگرام کا مقصد ان ذہین طلباء و طالبات کو معاونت فراہم کرنا ہے، جو کیلوگ کالج، آکسفورڈ کے کسی بھی گریجویٹ لیول کے کورس کے اہل ہیں، لیکن مالی استطاعت نہیں رکھتے۔
سکالر شپ کا آغاز 5 سالہ پروگرام کے طور پر ماسٹرز کلاسز کے لئے ہوگا۔
ترین آکسفورڈ سکالر شپ اپنی طرز کا جنوبی پنجاب کے طلباء کے لیے پہلا منصوبہ ہے، جنوبی پنجاب کے طلباء میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلے کے رجحان میں اضافے کے لیے آکسفورڈ پاکستان پروگرام اور علی ترین کے تعاون سے سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ اہل طالب علموں کا انتخاب کیا جاسکے۔
ایف ایس سی کے ٹاپرز اور یونیورسٹی کے پہلے سال میں پڑھنے والے طلباء کے لیے بھی تربیتی سیشنز منعقد کروائے جائیں گے۔