پاکستان اور بیلجیئم کے دوطرفہ تجارتی تعلقات کومزید مستحکم کیا جائے گا،ٹریڈکمشنر عابد حسین

پاکستان میں بیلجیئم سفارتخانے کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کومزید مستحکم کیا جائے گا اوردوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے تاجروں اور صنتعکاروں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعرات کے روز ایوان تجارت وصنعت ملتان میں ”بیلجیئم کے تجارتی روابط کے دن“ کے موقع پر بیلجیئم کی مصنوعات کے تعارفی کتابچوں کی نمائش کے موقع پر کیا۔
نمائش کااہتمام اسلام آباد میں بیلجیئم کے سفارتخانے کی جانب سے کیاگیاتھا۔عابد حسین نے مزید کہا کہ پاکستان بیلجیئم کو 450ملین ڈالر کی برآمدات کرتا ہے اور بیلجیئم کی جانب سے بھی کم وبیش اتنی ہی مالیت کی اشیا پاکستان میں درآمد کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فرق صرف یہ ہے کہ بیلجیئم پاکستان کو جوکچھ بھی بھیجتا ہے وہ صرف پاکستان کے لیے ہوتا ہے تاہم پاکستان سے بھیجی جانے والی مصنوعات بیلجیئم سے یورپی یونین کے تمام ممالک کوجاتی ہیں۔
قبل ازیں چیمبرآف کامرس کے صدر خواجہ صلاح الدین نے کہا کہ اس نمائش کامقصد ملتان کے صنعتکاروں کو بیلجیئم کی مصنوعات کے بارے میں آگاہی فراہم کرناتھا۔اس کے نتیجے میں بیلجیئم کی تجارتی کمپنیوں اور چیمبراف کامرس کے اراکین کے درمیان نئے روابط قائم ہوں گے۔
اس موقع پر پاکستان میں بیلجیئم کے سفارت خانے کے کمرشل نمائندے شوکت نیازی ، صدر افتخارعلی شاہ، میاں شفیع انیس شیخ، ر میاں فضل الہی شیخ ،سابق سینئر نائب صدر میاں راشد اقبال، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی مسزرابعہ شہزاد ،شیخ فیصل سعید،سابق نائب صدرندیم احمد شیخ،،سیکرٹری جنرل محمد شفیق بھی موجودتھے۔


















