کپاس کی نگہداشت سے متعلق فارمرز ایڈوائزری کمیٹی سی سی آر آئی ملتان کا تیسرا اجلاس

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں آج فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا تیسرااجلاس ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں ملک بھر میں کپا س کی کاشت سے متعلق جائزہ لیا گیا، اور کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے 15جولائی تک کی سفارشت پیش کی گئیں۔
فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ کاشتکار فصل کی چوٹی پرسفید پھول آنے کی صورت میں پانی کا دورانیہ کم کریں اور پچھیتی کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کا عمل یقینی بنائیں۔متوقع بارش کی صورت میں آبپاشی سے پرہیز کریں اور اشد ضرورت کے تحت ہلکی آبپاشی کریں۔
ایسے کاشتکار جن کی کپاس کی فصل اڑھائی فٹ یا اس سے زائد تک ہو چکی وہ ٹریکٹر کے ذریعے فصل کی گوڈی کرنے سے اجتناب کریں۔
ایسے کاشتکار جنہوں نے مارچ – اپریل میں بیج کے حصول کے لئے کپاس کاشت کی ہے انہیں چاہئیے کہ وہ لگائی گئی کپاس کی قسم کے علاوہ کھیت سے دوسری اقسام کے پودے الگ کرلیں یعنی روگنگ کے عمل سے کپاس کے خالص پن کو یقینی بنائیں اور اگردوسری اقسام کے پودوں کی تعداد2 فیصد سے زائد ہو توکاشتکار ہرگز بیج نہ بنائیں۔بیج کے لئے لگائی گئی کپاس میں متوازن کھادوں کا استعمال کریں بیج کے لئے چنی گئی کپاس کو اچھی طرح خشک کرکے جلد از جلد جننگ کرلیں اور جننگ کے بعد بیج کو ہوادار اور محفوظ جگہ پر سٹور کرلیں۔
اجلاس میں ڈاکٹر محمدنوید افضل، ڈاکٹر ادریس خان،ڈاکٹر فیاض احمد،ساجد محمود، مس صباحت حسین اور ڈاکٹر رابعہ سعیدنے شرکت کی۔ فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ چوتھا اجلاس 16جولائی کو ادارہ ہذا میں منعقد ہوگا۔




















