ویمن یونیورسٹی میں ایک کروڑ کی لاگت سے منصوبے مکمل

ویمن یونیورسٹی میں ایک کروڑ سے زائد کی لاگت سے دارالقران سنٹر، واٹر فلٹریشن پلانٹ سمیت چھ ترقیاتی منصوبے مکمل کرلئے گئے۔
اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کچہری کیمپس میں منعقد ہوئی، جس میں دارالقرآن سنٹر، واٹر فلٹریشن پلانٹ، اولڈ ہال، داخلی گیٹ اور پارکنگ شیڈ اور کچہری کیمپس میں کیمسٹری لیبز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کا افتتاح کیاگیا۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب ڈاکٹر سارہ مصدق فیکلٹی اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد علی بھٹہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب نے ان ترقیاتی منصوبوں کو اے ڈی پی پروگرام ’’کنسٹرکشن آف بلڈنگز آف ڈبلیو یو ایم‘‘ کے تحت فنڈز فراہم کیے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا ہم اپنی طالبات فیکلٹی اور انتظامی افسروں کی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں کرتے، ہم چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی کی طالبات، فیکلٹی اور عملہ صاف پانی پیئے جو ان کی صحت کی حفاظت کرتا ہے۔
یہ جدید ترین فلٹریشن پلانٹ ہر قسم کی آلودگی کو دور کرنے اور پانی کے معیار کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسی طرح آنے اور جانے والی ٹریفک کے لیے الگ الگ داخلے کو برقرار رکھنے کے لئے نیا داخلی گیٹ اور پارکنگ شیڈ بنایا گیا ہے، پارکنگ ایریا کی تعمیر سے گاڑیوں کی پارکنگ میں آسانی ہوگی۔
یونیورسٹی کی سہولیات کی فراہمی، تزئین و آرائش اور تعلیمی بہتری اولین ترجیحات ہیں، اور یونیورسٹی انتظامیہ نے اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
دارالقرآن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے وی سی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ قرآن ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔
نوجوان نسل میں علم اور نظم و ضبط کو عام کرنے کے لیے قرآن کی تعلیم نصاب کا لازمی حصہ ہے، وی سی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ کوشش کی گئی ہے کہ یونیورسٹی کے تاریحی ہال کی تاریخ اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھا جائے۔
اس کی تزئین و آرائش کو یونیورسٹی کے وسائل سے مکمل کیا گیا ہے اب اسے دوبارہ یونیورسٹی کی اہم تقریبات کی میزبانی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
وی سی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے شعبہ کیمسٹری میں پی ایچ ڈی اور ایم فل کی طالبات کے لیے چار ریسرچ لیبز کی اپ گریڈیشن کابھی افتتاح کیا، جو یونیورسٹی نے اپنے منصوبے "اپ گریڈیشن آف ریسرچ لیبز ” کے تحت اپ گریڈ کیں ہیں۔
اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کا بنیادی مقصد طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
چیئرپرسن شعبہ کیمسٹری ڈاکٹر سارہ مصدق نے کہا کہ ان لیبز کو جدید ترین آلات اور آلات کے ساتھ اپ گریڈ کیا گیا ہے، اور یہ اس کو عالمی سطح پر جدید تحقیقی اداروں کے برابر لانے کی کوششوں کا حصہ ہے


















